آج کا موسم : تیز ہوا، گرد آلود مطلع، دھند اور سردی کی لہر
جمعرات 2 جنوری 2025 10:18
’مکہ اور مدینہ میں گرد آلود تیز ہوا ہے جس کی تاثیر مشرقی ریجن اور ریاض میں بھی محسوس کی جائے گی‘ ( فوٹو: سبق)
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آج جمعرات کو تبوک، حائل، الجوف اور شمالی حدود ریجن میں سردی کی لہر جاری ہے جہاں صبح کے وقت برف جم جائے گی۔
مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ گرد آلود تیز ہوا ہے جس کی تاثیر مشرقی ریجن اور ریاض میں بھی محسوس کی جائے گی۔
ادھر نجران، جازان، عسیر اور الباحہ میں مطلع ابر آلود رہے گا جبکہ صبح کے وقت دھند چھائی رہے گی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمے موسمیات نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ’مکہ مکرمہ شہر اورمدینہ منورہ شہر کے علاوہ طائف، رابغ، ثول، خلیص، الکامل، الخرمہ، المویہ، المہد، العلا، بدر اور وادی الفرع میں گرد آلود تیز اور سرد ہوا شام 5 بجے تک چلے گی جس کے باعث حد نگاہ متاثر ہوگی‘۔
’گرد آلود مطلع کی تاثیر سے الخفجی، حفر الباطن، الاحسا، جبیل، الخبر، دمام اور ریاض ریجن کے متعدد شہر بھی متاثر ہوں گے‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’شمالی علاقوں طریف، القریات اور تبوک کے بیشتر شہروں کے علاوہ جبل اللوز، علقان اور حالۃ عمار میں درجہ حرارت منفی تک پہنچ جائے گا جہاں رات کے آخری پہر اور صبح سویرے برف جم جائے گی‘۔
’شمالی علاقوں کی سرد لہر سے ملک کے بیشتر شہر کم درجے سے متاثر رہیں گے‘۔
’جبکہ جنوبی علاقے عسیر، جازان اور الباحہ میں مطلع ابر آلود ہونے کے باعث کہیں ہلکی اور کہیں درمیانے درجے کی بارش کا امکان ہے‘۔