افریقی زون میں منفرد ذائقے والی ایتھوپین کافی روایتی طریقوں سے تیار کی جاتی ہے۔ فوٹو عرب نیوز
ریاض کے بولیوارڈ ورلڈ میں افریقی ممالک کے پکوان اور ثقافت پر مبنی خصوصی زون قائم کر کے افریقہ کے روایتی رنگ کو متعارف کروایا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق بولیوارڈ کے افریقہ زون میں زرافے، رنگین طوطے، افریقی شیر کی نسل اور دیگر جنگلی حیات کو رکھا گیا ہے، اس کے علاوہ مختلف ممالک کی نایاب ڈشوں اور موسیقی کا بھی اہتمام ہے۔
زون کا ایک نمایاں حصہ ایتھوپین کافی کے لیے مختص کیا گیا ہے جہاں ایتھوپیا کی مہمان نوازی اور بھرپور روایات کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔
ایتھوپین کافی روایتی طریقوں سے تیار کی جاتی ہے، جو اس کے منفرد ذائقوں اور افادیت کو نمایاں کرتی ہے۔
ایتھوپین ریستوران میں کافی تیار کرنے والی حنان عمرو نے بتایا کہ ’ہم اس خاص قہوے کے بیج ایتھوپیا کے فارمز سے لاتے ہیں جو بالکل تازہ ہوتے ہیں اور منتخب کیے جانے کے بعد بڑی احتیاط اور ہنرمندی سے کافی تیار کی جاتی ہے۔
کافی کی فصل تیار ہونے کے بعد اسے دھوپ میں خشک کرنے کے بعد خاص قسم کے برتنوں میں بُھونتے ہیں، قہوے کے ان بیجوں سے بہترین کافی کا مشروب بنتا ہے جو ترکی اور امریکانو کافی کی تیاری میں کام آتا ہے۔
افریقہ زون میں علاقائی موسیقی اور روایتی دھنوں پر مبنی براہ راست موسیقی بھی پیش کی جا رہی ہے۔
افریقہ زون میں علاقائی موسیقی براہ راست پیش کی جا رہی ہے۔ فوٹو عرب نیوز
بولیوارڈ ورلڈ میں آنے والے وہ سیاح جو افریقہ کی یادگاریں اپنے ساتھ لے جانا چاہتے ہیں ان کے لیے زون میں بہت سے تحائف موجود ہیں جہاں نوادرات، افریقی جانوروں کے ماڈلز اور چمڑے کی مصنوعات فروخت کے لیے رکھی گئی ہیں۔
یہاں خاص قسم کی کریم ’شیا بٹر’ سے تیار شدہ جلد کی دیکھ بھال کی متعدد مصنوعات بھی دستیاب ہیں، جو متعدد ممالک میں کاسمیٹکس کے لیے معروف ہیں۔
زائرین اور سیاح جو افریقی ماڈلز پسند کرتے ہیں ان کے لیےتحائف موجود ہیں۔ فوٹو عرب نیوز
ریاض سیزن کے بولیوارڈ ورلڈ میں رواں سال توسیع کے ساتھ افریقہ زون کا آغاز کیا گیا ہے، جس کے بعد یہاں زونز کی تعداد پانچ سے بڑھ کر 22 ہو گئی ہے۔
مختلف ممالک سے آنے والے سیاحوں کے لیے ریاض سیزن کی یہ توسیع بہت پسند کی جا رہی ہے جو کہ سیاحوں میں ثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے کی گئی ہے۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں