ریاض سیزن میں ڈولفن شو شائقین کی توجہ کا مرکز بن گیا
ریاض سیزن میں ڈولفن شو شائقین کی توجہ کا مرکز بن گیا
اتوار 15 جنوری 2023 15:56
دلچسپ کرتب دیکھنے کے لیے1500 تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ فوٹو عرب نیوز
ریاض سیزن کے تیسرے سیشن میں شائقین بلیوارڈ ورلڈ میں قائم مصنوعی جھیل میں ڈولفن شو کی شاندار تفریح سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق ریاض سیزن میں ہونے والی دلچسپ تفریحات والے زون بلیوارڈ ورلڈ میں دنیا کی سب سے بڑی مصنوعی جھیل تیار کی گئی ہے جس میں پرفارمنگ ڈولفن طرح طرح کے کرتب دکھا رہی ہیں۔
مصنوعی جھیل میں موجود کئی ایک ڈولفن اپنے ٹرینر کے اشارے پر منفرد کرتب دکھا رہی ہیں، ڈولفن طشتری کے ساتھ کھیلتی ہیں، 3 میٹر اونچی چھلانگ لگاتی ہیں، ایک ساتھ مخصوص آواز نکالتے ہوئے رقص پیش کرتی ہیں حتی کہ کینوس پر پینٹ بھی کرتی دکھائی دیتی ہیں۔
ڈولفن شو میں موجود عرب مہمان محمد سلیمان نے بتایا ہے کہ میں سعودی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا کہ انہوں نے ریاض سیزن میں ڈولفن شو کا اہتمام کر کے حیران کن پرفارمنس دیکھنے کا موقع مہیا کیا۔
محمد سلیمان نے مزید کہا کہ اس سے قبل میں ایسے خاص شو دیکھنے کے لیے بیرون ملک جاتا رہا ہوں لیکن ریاض سیزن میں ڈولفن کی کارکردگی بین الاقوامی سطح سے مقابلہ کرتی ہے۔
ریاض سیزن کے بلیووارڈ ورلڈ زون میں ڈولفن شو روزانہ شام 5 بجے سے 10 بجے تک دکھایا جا رہا ہے، 40 ڈولفن کے ساتھ مختلف کرتب کے علاوہ پینگوئن کے دلچسپ کرتب دیکھنے کے لیے 1500 تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش موجود ہے۔
ریاض سیزن کے اس پرکشش زون میں مختلف قسم کی گفٹ شاپس بھی قائم کی گئی ہیں جہاں سے یادگاری تحائف خریدے جا سکتے ہیں۔
ڈولفن کے لیے تیار کیا گیا خاص تالاب جہاں یہ آبی مخلوق اپنے کرتب دکھاتی ہیں چھ میٹر گہرا ہے اور اس کا درجہ حرارت 22 سینٹی گریڈ رکھا گیا ہے جو سمندری ماحول سے مطابقت رکھتا ہے۔
ریاض سیزن کے بلیوارڈ ورلڈ میں آنے والے تماشائی یہاں کی مصنوعی جھیل میں کشتی اور آبدوز کی سواری سے بھی لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔
علاوہ ازیں اس منفرد زون میں زائرین کے لیے تیار کی گئی 1.2 کلومیٹر طویل کیبل کار یہاں آنے والوں کو بلیوارڈ ورلڈ سے ریاض سٹی تک لے جاتی ہے۔