لائیو: خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی فارم 47 کی جعلی حکومت ہے، مولانا فضل الرحمان
اہم نکات:
-
توشہ خانہ ٹو کیس میں مزید انکوائری کی ضرورت ہے: اسلام آباد ہائی کورٹ
-
گھر بیٹھے گاڑیوں کے پرکشش نمبروں کے حصول کے لیے رجسٹریشن کا آغاز
-
وزارت خارجہ آ کر بتائے کہ یہ دوہری شہریت سے متعلق مجوزہ قانون ہے کیا، زرتاج گل
-
مریم نواز شریف کا ہونہار سکالر شپ 100 ارب تک بڑھانے کا اعلان
-
کُرم میں سکیورٹی سخت، امن معاہدے پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے، خیبر پختونخوا حکومت
-
مذاکرات کے تیسرے راؤنڈ سے پہلے عمران خان سے ملاقات ضروری ہے: گوہر خان
-
انسانی سمگلروں کے سہولت کار افسران کے خلاف کارروائیاں خوش آئند ہیں، وزیراعظم
-
عدالت کا علی امین گنڈاپور کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم
-
190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کیس کا فیصلہ 13 جنوری تک موخر
-
کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں شٹرڈاؤن ہڑتال
جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی فارم 47 کی جعلی حکومت ہے۔
پیر کو پشاور میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’اسلام اباد میں تم پر گولی چلی تو سوال اٹھتا ہے، آپ نے چلائی تو کچھ نہیں، بلدیاتی نمائندوں پر تشدد کیا تو وہ تشدد نہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’26 ویں آئینی ترمیم کے راستے میں صرف جمیعت تنہا کھڑی تھی، تحریک انصاف اپوزیشن میں تھی مگر مذاکرات میں شریک نہیں تھے، پی ٹی آئی والے جو بھی نشاندہی کرتے ہم اس کو بھی مسئلہ بناتے تھے۔‘
مولانا فضل الرحمان نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’سب سے پہلے حملہ آرٹیکل 8 پر کیا گیا، آپ عدالتی اصلاحات لائیں کتنے شرم کی بات ہے اپنا جج لائیں، پوری عدلیہ کو یرغمال بنایا گیا تھا کہ سول عدالتیں کیس ملٹری کورٹس لانے کی پابند ہوں گی۔‘
توشہ خانہ ٹو کیس میں مزید انکوائری کی ضرورت ہے: اسلام آباد ہائی کورٹ
اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان کی توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت منظوری کا تفصیلی فیصلہ جاری کرتے ہوئے اس کیس کو مزید انکوائری کا کیس قرار دے دیا ہے۔
پیر کو جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے وجوہات پر مشتمل 14 صفحات کا تفصیلی فیصلہ جاری کیا۔
فیصلے کے مطابق ’بلغاری سیٹ کا تحفہ توشہ خانہ میں جمع نہ کرانے پر کارروائی بنتی ہی نہیں۔ رولز کے مطابق تحفے کی رسید جمع نہ کرانے پر کارروائی کی جا سکتی تھی جو ملٹری سیکریٹری کے ذریعے جمع کروا دی گئی۔‘
’مزید کہا گیا کہ ’جب تحفہ جمع نہ کرانے پر کارروائی ہو ہی نہیں سکتی تو یہ مزید انکوائری کا کیس ہے۔‘
گھر بیٹھے گاڑیوں کے پرکشش نمبروں کے حصول کے لیے رجسٹریشن کا آغاز
گاڑیوں کے پرکشش نمبرز کے حصول کے لیے پنجاب آئی ٹی بورڈ کی محکمہ ایکسائز پنجاب کے اشتراک سے وضع کردہ ای آکشن ایپ اور ویب پورٹل پر ماہ جنوری کے دوران خواہشمند افراد کی رجسٹریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
خواہشمند افراد 30 جنوری تک ای آکشن کے لیے رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔
ای آکشن ایپ میں موٹر سائیکل اور موٹر کار کے نمبروں کی نیلامی شامل ہے اور بولی جیتنے والوں کی تفصیلات بھی ای آکشن ایپ پر دیکھی جا سکیں گی۔
اس حوالے سے پی آئی ٹی بی چیئرمین فیصل یوسف کا کہنا تھا کہ ای آکشن نظام کے ذریعے نہ صرف شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے بلکہ کرپشن اور ایجنٹ مافیا کا بھی خاتمہ کیا گیا ہے۔ شہری اب ای آکشن ایپ اور ویب پورٹل کے ذریعے گھر بیٹھے باآسانی رجسٹریشن کر کے بولی میں حصہ لے سکتے ہیں اور اپنی پسند کا نمبر حاصل کر سکتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا ہونہار سکالر شپ 100 ارب تک بڑھانے کا اعلان
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ہونہار سکالر شپ 100 ارب تک بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔
پیر کو ملتان کی بہاولدین زکریا یونیورسٹی میں وزیر اعلیٰ نے ہونہار سکالر شپ حاصل کرنے والے طلبہ میں چیک تقسیم کیے۔
انہوں نے اگلے سال سے مزید 20 ہزار ہونہار سکالر شپ بڑھانے کا اعلان کیا اور اس کے علاوہ نوجوانوں کے لیے نئے بزنس اور سٹارٹ اپس لے لیے 3 کڑور روپے تک بلا سود قرض دینے کا اعلان کیا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے طلبا کو اگلے سال سے ایک لاکھ ای بائیکس دینے کا اعلان بھی کیا۔
وزارت خارجہ آ کر بتائے کہ یہ دوہری شہریت سے متعلق مجوزہ قانون ہے کیا، زرتاج گل
قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی داخلہ نے آئندہ اجلاس میں وزارت خارجہ اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن حکام کو طلب کر لیا ہے۔
زرتاج گل نے دوہری شہریت کی قانون سازی پر مزید بریفنگ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ’وزارت خارجہ آ کر بتائے کہ یہ دوہری شہریت سے متعلق مجوزہ قانون ہے کیا۔‘
عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ ’22 ہزار بیوروکریٹس اس وقت دوہری شہریت کے حامل ہیں، 99 فیصد وفاقی سیکریٹری دوہری شہریت کے حامل ہیں، کہا جاتا ہے کہ سیاستدان دوہری شہریت نا رکھیں کہ وہ ملکی راز افشاں کر دیں گے
’بیوروکریٹ کے پاس تمام فائلیں اور راز ہوتے ہیں انہیں تو دوہری شہریت کی اجازت ہے۔‘
چیئرمین واپڈا کا مہمند ڈیم پراجیکٹ کا دورہ، کام مقررہ وقت میں مکمل کرنے کی ہدایت
چیئرمین واپڈا انجینیئر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ریٹائرڈ) نے زیرتعمیر مہمند ڈیم پراجیکٹ کی اہم سائٹس پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے منصوبے کا دورہ کیا۔
مہمند ڈیم ایک کثیرالمقاصد منصوبہ ہے جو خیبرپختونخوا کے ضلع مہمند میں دریائے سوات پر تعمیر کیا جا رہا ہے۔ منصوبے کی پیداواری صلاحیت 800 میگاواٹ ہے، تکمیل پر 1.29 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ ہوگا۔
دورے کے موقع پر چیئرمین واپڈا کو مختلف سائٹس پر تعمیراتی پیش رفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ان سائٹس میں ڈائی ورشن ٹنلز آوٹ لیٹ ورکس، ڈاؤن سٹریم کوفر ڈیم، مین ڈیم، کنکریٹ ورکس، پاور ان ٹیک، ڈائی ورشن ٹنلز ان ٹیک سٹرکچر، سپل وے شامل ہیں۔
کُرم میں سکیورٹی سخت، امن معاہدے پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے، خیبر پختونخوا حکومت
خیبر پختونخوا حکومت کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کُرم میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے کہا ہے کہ امن معاہدہ برقرار ہے اور معاہدے کی تمام شقوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔
پیر کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ’ڈپٹی کمشنر پر حملے کے بعد کیے گئے اہم فیصلوں پر من و عن عمل درآمد کیا جائے گا۔ آج ہی سے تمام فیصلوں پر عمل درامد کا آغاز شروع ہوچکا ہے۔‘
بیرسٹر سیف نے کہا کہ ’امن دشمن کے تمام کرداروں کو بے نقاب کرکے قرار واقعی سزا دی جائے گی، کُرم مرکزی شاہراہ پر سکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔‘
مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ’مشران کو بھی حملے میں ملوث مجرمان کو جلد ازجلد حوالہ کرنے کا کہا گیا ہے، علاقے کو اسلحے سے مکمل پاک کیا جائے گا اور اسلحہ رکھنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔‘
مذاکرات کے تیسرے راؤنڈ سے پہلے عمران خان سے ملاقات ضروری ہے: گوہر خان
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ مذاکرات کے تیسرے راؤنڈ سے پہلے سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کرنا ضروری ہے۔
پیر کو انہوں نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’امید تھی آج ملاقات ہوگی لیکن ابھی تک کوئی کنفرمیشن نہیں۔ امید ہے کل ہماری بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوجائے گی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’بشریٰ بی بی مذاکراتی سلسلے میں بلکل شامل نہیں، کسی نے غلط خبر دی ہے کہ بشریٰ بی بی کے ساتھ بیک ڈور مذاکرات چل رہے ہیں۔ میں نے اس خبر کی تردید کی ہے۔ جو کمیٹی بانی پی ٹی آئی نے بنائی وہی مذاکرات کر رہی ہے۔‘
انسانی سمگلروں کے سہولت کار افسران کے خلاف کارروائیاں خوش آئند ہیں، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ انسانی سمگلروں کے سہولت کار سرکاری افسران کے خلاف حالیہ تادیبی کارروائیوں کا آغاز خوش آئند ہے۔
پیر کو ان کی زیر صدارت ملک میں انسانی سمگلنگ کے خلاف لیے گئے اقدامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں انہوں نے کہا کہ ’سہولت کاروں کے خلاف تادیبی کارروائی کے بعد سخت تعزیری اقدامات بھی لیے جائیں۔‘
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’انسانی سمگلروں کی جائیدادوں اور اثاثوں کی ضبطگی کے لیے فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ دفتر خارجہ بیرون ملک سے انسانی سمگلنگ کا دھندہ چلانے والے پاکستانیوں کے لیے متعلقہ ممالک سے رابطہ کرے اور ان کی پاکستان حوالگی کے حوالے سے جلد از جلد اقدامات کرے۔‘
عدالت کا علی امین گنڈاپور کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کے خلاف غیر قانونی اسلحہ اور شراب برآمدگی کیس میں مسلسل عدم پیشی پر ایس ایس پی آپریشنز کو علی امین گنڈاپور کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
پیر کو جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی نے کیس کی سماعت کی جبکہ مقدمہ کے تفتیشی افسر عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ علی امین گنڈا پور کے وکیل راجہ ظہور الحسن ایڈووکیٹ بھی عدالت پیش نہ ہوئے۔
جج نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’نہ ملزم پیش ہوا اور نا ہی وکیل۔‘
عدالت نے کیس کی سماعت 21 جنوری تک ملتوی کردی۔
190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ تیسری مرتبہ موخر، 13 جنوری کو سنایا جائے گا
اسلام آباد کی احتساب عدالت نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کیس کا فیصلہ 13 جنوری کو سنایا جائے گا۔
پیر کو عدالتی عملے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق احتساب عدالت کے جج ناصرجاوید رانا آج رخصت پر ہیں اس وجہ سے فیصلہ نہیں سنایا جا سکتا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ 23 دسمبر کو سنایا جانا تھا جسے موخر کر کے 6 جنوری کی نئی تاریخ دی گئی تھی، تاہم آج پھر جج کی غیرحاضری کی وجہ سے نئی تاریخ دی گئی ہے۔
کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں شٹرڈاؤن ہڑتال کے باعث بیشتر دکانیں اور مارکیٹیں بند
زین الدین احمد، اردو نیوز کوئٹہ
جمعیت علماء اسلام کی جانب سے بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 45 پر ضمنی انتخاب کے نتائج میں مبینہ ردو بدل اور انتخابی دھاندلی کے خلاف بلوچستان بھر میں ہڑتال کی کال دی گئی ہے۔
کوئٹہ، مستونگ، قلات، خضدار، نوشکی، حب، ہرنائی اور دیگر شہروں میں کاروباری و تجارتی مراکز بند ہیں، سڑکوں پر ٹریفک بھی معمول سے کم ہے۔
بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 45 کے 15 پولنگ سٹیشنز پر سپریم کورٹ نے جے یو آئی کے امیدوار کی درخواست پر دوبارہ انتخاب کرانے کا حکم دیا تھا۔
پانچ جنوری کو ہونے والے ضمنی انتخاب میں حکمران جماعت پیپلز پارٹی کے علی مدد جتک دوبارہ جیت گئے۔
جے یوآئی نے نتائج میں ردو بدل کا الزام لگاتے ہوئے واقعےکے خلاف ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفس کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا۔
صوبائی امیر مولانا عبدالواسع کا کہنا ہے کہ ’انتخابات میں جے یو آئی کے عثمان پرکانی واضح طور پر جیت گئے تھے، ہمارے پاس فارم 45 بطور ثبوت موجود ہیں مگر انتظامیہ کی ملی بھگت سے فارم 47 میں نتائج تبدیل کئے گئے۔‘
تین اُڑانیں کریش ہوتی دیکھ چکے ہیں اب چوتھی نہیں دیکھ سکتے: احسن اقبال
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے وزیراعظم شہباز شریف کے اعلان کردہ پانچ سالہ ترقیاتی منصوبے ’اُڑان پاکستان‘ کے بارے میں کہا ہے کہ ماضی میں تین اُڑانیں کریش ہوتی دیکھ چکے ہیں اب چوتھی کو کریش ہوتے نہیں دیکھ سکتے۔
پیر کو کراچی میں صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اُڑان پاکستان ملک کے مستقبل کا منصوبہ ہے جس کا مطلب پاکستان کو مضبوط بنانا ہے۔
اس کے لیے ضروری ہے سیاسی اور معاشی استحکام کو بہتر بنایا جائے۔ پاکستان نے خطے کے ممالک کے ساتھ معاشی مقابلہ کرنا ہے۔
تمام صوبائی حکومتیں مختلف شعبوں میں ایکسپورٹ کو پروموٹ کریں۔ ملک کو ٹیکنالوجی کی اکانومی کے میدان میں آگے لے جانا ہے۔ یہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
فیصل آباد کے تھانہ صدر تاندلیانوالہ میں زیر حراست تین سگے بھائی قتل
صوبہ پنجاب کے ضلع فیصل آباد کے تھانہ صدر تاندلیانوالہ میں مسلح افراد نے حملہ کر کے زیر حراست تین سگے بھائیوں کو قتل کر دیا جبکہ ایک ملزم زخمی ہو گیا ہے۔
پیر کو پنجاب پولیس کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ ایس پی انوسٹی گیشن فیصل آباد اور سی آئی اے ٹیموں نے فائرنگ میں ملوث چھ مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ قتل دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ ہے، مقتولین پر کھرل برادری کے افراد کے قتل کا الزام تھا۔
پولیس کے مطابق چھ ملزمان تھانے کی عقبی دیوار سے سیڑھیاں لگا کر داخل ہوئے۔ ’ملزمان کو دیرینہ دشمنی کی وجہ اور محفوظ رکھنے کے لیے سٹی کے بجائے تھانہ صدر تاندلیانوالہ میں بند کیا گیا تھا۔‘
آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم زیادہ تر سرد اور خشک رہے گا
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق آئندہ 12 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم زیادہ تر سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے وقت شدید سرد رہے گا۔
تاہم بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، مری، گلیات اور ملحقہ علاقوں میں مطلع جزوی طورپر ابرآلود رہنے، کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش اورپہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
پنجاب اور بالائی سندھ کے بیشتر میدانی علاقوں میں صبح اور رات کے وقت دھند چھائی رہے گی۔
’پی ٹی آئی کے بار بار موقف تبدیل کرنے سے مذاکراتی عمل مثبت طور پر آگے نہیں بڑھ سکے گا‘
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور حکومتی مذاکراتی ٹیم کے ترجمان سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی طرف سے بار بار موقف تبدیل کرنے سے مذاکراتی عمل مثبت طور پر آگے نہیں بڑھ سکے گا.
سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ اسد قیصر کے نئے موقف سے لگتا ہے کہ وہ اپنے وعدے اور یقین دہانی کو پورا کرنے میں مشکلات محسوس کر رہے ہیں۔
’پی ٹی آئی کی مذاکراتی ٹیم نے اب تک ہونے والے دو اجلاسوں کے دوران سٹیک ہولڈر سے بات چیت اور بانی پی ٹی آئی کے علاوہ دیگر قائدین سے ملاقات کا کبھی ذکر نہیں کیا۔‘