سعودی عرب کے شہزادہ منصور سے مریم نواز کی ملاقات، پنجاب میں سرمایہ کاری کی دعوت
سعودی عرب کے صوبہ حفر الباطن کے سابق گورنر شہزادہ منصور سے وزیر اعلٰی پنجاب مریم نواز شریف کی ملاقات ہوئی ہے۔
پیر کو وزیراعلٰی کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان صوبہ پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بھی گفتگو ہوئی۔
ملاقات میں سعودی عرب کے پاکستان میں سفیر نواف بن سعید المالکی بھی موجود تھے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے انفراسٹرکچر، صحت، تعلیم اور مذہبی سیاحت کے شعبوں میں سعودی عرب کو سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی۔
اس موقع پر مریم نواز نے سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے لیے ہمیشہ برادرانہ تعاون کو سراہا۔
مریم نواز نے کہا ’سعودی عرب بڑا بھائی ہے۔ دونوں ممالک کے عوام کے دل یکساں دھڑکتے ہیں۔‘
بیان کے مطابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کے لیے سکیورٹی اور میرٹ کو یقینی بنایا ہے اور سعودی سرمایہ کاروں کو خصوصی پیکج کے تحت مراعات دی جائیں گی۔