اسلام آباد: سعودی عرب اور پاکستان کی دوستی کی تصویری نمائش
جمعرات 2 جنوری 2025 20:09
نمائش میں بادشاہی مسجد، شندُور میلے اور کے ٹُو سمیت دیگر اہم مقامات کی تصاویر پیش کی گئیں (فوٹو: اے پی پی)
پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے جمعرات کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ڈپلومیٹک انکلیو کی دیوار پر پاکستان کے قدرتی حسن کی تصاویر کی نمائش کا افتتاح کیا۔
پاکستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق اس نمائش کا اہتمام پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان قائم گہری دوستی اور ثقافتی تعلقات کو اُجاگر کرنے کے لیے کیا گیا۔
نمائش کی افتتاحی تقریب میں وفاقی دارالحکومت کے ترقیاتی ادارے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے چیئرمین محمد علی رندھاوا سمیت دیگر اعلٰی شخصیات اور حکام بھی شریک ہوئے۔
اس موقعے پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے اس اقدام کو پاکستان کی جاندار ثقافت اور شاندار ثقافتی ورثے کو خراج تحسین قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’یہ اقدام دنیا کے سامنے پاکستان کی خُوب صورتی اور تنوع کو اُجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان قائم برادرانہ اور گہرے تعلقات کی بھی نشان دہی کرتا ہے۔‘
حاضرین نے تصویری نمائش میں پاکستان کے ثقافتی ورثے اور متنوع قدرتی حسن کو دلکش انداز میں پیش کرنے پر خُوب سراہا۔
نمائش میں بادشاہی مسجد کی شان و شوکت، شندُور میلے، صحرا کی سادہ زندگی، کھیوڑہ سالٹ مائن کی مسجد اور دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹُو کی خُوب صورت تصاویر پیش کی گئیں۔
اس کے علاوہ پاکستان کی روایتی سرگرمیوں جیسے گُڑ بنانے اور منفرد جنگلی حیات جیسے تیتر اور چیتے کی تصاویر کو بھی تصویری نمائش کا حصہ بنایا گیا۔
یہ تقریب سعودی عرب اور پاکستان کے مضبوط دوستانہ تعلقات کی عکاسی کرتی ہے جو مشترکہ اقدار اور باہمی احترام پر مبنی ہیں۔ اس اقدام کا مقصد دونوں ممالک کے تاریخی تعلقات کو مزید مستحکم بنانا بھی ہے۔