’نیچرل بیوٹی‘ سے خوبصورتی کے روایتی معیار کو بدلتی سعودی خواتین
’نیچرل بیوٹی‘ سے خوبصورتی کے روایتی معیار کو بدلتی سعودی خواتین
بدھ 8 جنوری 2025 9:10
سعودی عرب میں خواتین نے حالیہ برسوں میں اپنی خوبصورتی کے معمولات کے لیے قدرتی طریقے اپنانا شروع کر دیے ہیں، جس میں بھاری میک اپ کی بجائے قدرتی اجزا، پائیداری اور صحت پر توجہ دی گئی ہے۔
عرب نیوز نے اس سلسلے میں متعدد خواتین سے بات کی، جنہوں نے بتایا کہ کیسے یہ رجحان ذاتی اور معاشرتی اقدار کے ساتھ ہم آہنگی کی عکاسی کرتا ہے۔
لیلٰی الغامدی کے لیے یہ تبدیلی ذاتی ہے۔ ’چند برس قبل، میرے لیے نیچرل بیوٹی سب کچھ تھی۔ جب میں نوجوان تھی تو میری ساری دنیا خوبصورتی کے گرد گھومتی تھی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’آج کل صحت مند انتخاب میرے فیصلوں پر اثر انداز ہو رہے ہیں، اور یہ مجھے خوبصورت بنا رہے ہیں۔‘
مقامی برانڈ لوکا بیوٹی نے قدرتی اجزا اور پائیداری پر توجہ مرکوز کی ہے، یہ 2018 میں قائم ہوا تھا۔
لوکا کی مارکیٹنگ ڈائریکٹر میی المحیمید کا کہنا ہے کہ ہم قدرتی اجزا اور پائیدار پیکجنگ پر توجہ دیتے ہیں۔
اسی طرح ایک اور برانڈ أستیری بیوٹی بھی خواتین کے لیے قدرتی اجزا سے تیارکردہ مصنوعات پیش کر رہا ہے۔
سعودی عرب میں نیچرل بیوٹی کی تحریک میں پائیداری ایک مرکزی حیثیت اختیار کر چکی ہے۔ صارفین بھی ماحول اور صحت کے اثرات کے بارے میں تیزی سے آگاہی حاصل کر رہے ہیں۔
مقامی برانڈز ماحول دوست مصنوعات اور محفوظ اجزاء کے ساتھ صارفین کی مانگ کو پورا کرنے کے لیے آگے بڑھ رہے ہیں۔
گُلوسنگ سعودی عرب کے صحرائی مناظر سے متاثر ہے۔ مایی ورد اور جیلا برانڈ کی توجہ پائیداری اور لگژری پر ہے۔ مایی ورد ہاتھ سے تیار کردہ، پائیدار مصنوعات کے ذریعے سعودی ورثے کو فروغ دے رہا ہے، جبکہ لدینہ نے ’آرگینک‘ حل پیش کیا ہے اور قدرتی تیل اور مکھن سے جلد کے لیے موزوں مصنوعات تیار کرتا ہے۔
روان الزہرانی اور منیرہ الاحمد جیسی خواتین کے لیے یہ برانڈز قابل اعتماد انتخاب بن گئے ہیں۔
الزہرانی نے کہا کہ ’لوکا کی مصنوعات زبردست اور پائیدار ہیں۔ یہ میرے لیے میک اپ کی پسندیدہ مصنوعات ہیں۔ اس سے حیرت انگیز طور پر میرا چہرہ چمکتا دمکتا ہے۔‘
منیرہ الاحمد نے أستیری برانڈ کے مصنوعات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’ایسا محسوس ہوتا ہے کہ جیسے یہ مصنوعات میرے لیے بنائی گئی ہوں۔ یہ موثر اور ہمارے ماحول کے لیے زبردست ہیں۔‘
روان الزہرانی نے کہا کہ وہ کئی انفلوئینسرز کو فولو کرتی ہیں، جو نیچرل بیوٹی کو فروغ دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انفلوئینسرز کی وجہ سے اپنے جلد کے مطابق میک اپ کی مصنوعات بارے جاننے میں مدد ملی۔
ایسے وقت میں جب مقامی برانڈز فروغ پا رہے ہیں، ان کو بین الاقوامی مصنوعات کے ساتھ مقابلہ کرنے میں اہم چیلنجوں کا سامنا ہے۔
میی المحیمید نے کہا کہ ’مقامی بیوٹی برانڈ ہونے کے ناطے ہمیں مواقع اور چیلنجز دونوں کا سامنا ہے۔ اس سے ہمیں یہ موقع ملتا ہے کہ ہم وہ چیز اجاگر کریں جو ہمیں دوسروں سے منفرد بناتی ہے۔‘