فخر نے بتایا ’میں سو فیصد فٹ ہوں، پاکستان کے لیے دوبارہ کھیلوں گا، بہت سے لوگ نہیں جانتے ٹی20 ورلڈ کپ کے بعد میں بیمار ہوا اور ان فٹ تھا اس لیے ٹیم کا حصہ نہیں بن سکا۔‘
’اب میں صحتیاب ہوں اور آپ مجھے پاکستان کی اگلی بین الاقوامی سیریز میں کھیلتا دیکھیں گے۔‘
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 پاکستان میں منعقد ہو رہی ہے اور 2017 کے چیمپئنز ٹرافی میں فخر زمان کی شاندار کارکردگی کی بدولت پاکستان چیمپیئن بنا تھا۔
لندن کے اوول سٹیڈیم میں انڈیا کے خلاف فائنل میں فخر زمان نے میچ وننگ سینچری سکور کی تھی۔
’میری منصوبہ بندی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے ہے، اسی لیے آسٹریلیا یا جنوبی افریقہ کے دورے میں شرکت نہیں کی تاکہ خود کو فٹ رکھ سکوں۔‘
پاکستانی سٹار فخر زمان نے کہا ہے ’ میں ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی20 میں ڈیزرٹ وائپرز کی جانب سے کھیلوں گا۔‘
پاکستان کرکٹ ٹیم کے موجودہ اوپنر صائم ایوب جنوبی افریقہ میں میچ کے دوران زخمی ہو کر چھ ہفتے کے لیے ٹیم سے باہر ہوگئے ہیں جس کے بعد فخر زمان کی ٹیم میں واپسی کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔
صائم ایوب کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے فخر زمان نے کہا ’یقینا وہ جلد صحتیاب ہوں گے، وہ شاندار کھلاڑی ہیں اور چار پانچ سال کھیلتے رہے تو دنیا کے ٹاپ تھری کھلاڑیوں میں شامل ہوں گے۔‘
فخر زمان کے مطابق ڈیزرٹ وائپرز کے ساتھ منسلک ہونے کا فیصلہ آسان تھا جب پیشکش ملی تو بغیر مشورہ کیے اس ٹیم کے لیے کھیلنا پسند کیا۔
ڈیزرٹ وائپرز کی نمائندگی کئی پاکستانی کھلاڑی کر چکے ہیں جن میں شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، اعظم خان اور محمد عامر شامل ہیں۔
ڈیزرٹ وائپرز کے ڈائریکٹر آف کرکٹ ٹام موڈی نے فخر زمان کو ’حقیقی میچ ونر‘ قرار دیا ہے۔
فخر زمان نے کہا ’ ڈیزرٹ وائپرز کی ٹیم متوازن ہے اور آپ جانتے ہیں کرکٹ میں قسمت کا بھی دخل ہوتا ہے اگر ہم بطور ٹیم کھیلیں اور قسمت نے ساتھ دیا تو آپ ہمیں فائنلز میں دیکھیں گے۔‘
ڈی پی ورلڈ 2025 آئی ایل ٹی20 سیزن 3 کا آغاز 11 جنوری سے ہو رہا ہے، ٹورنامنٹ کا فائنل 9 فروری کو دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔