Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بغیر ڈرائیور کے رکاوٹوں پر سے ’اچھلنے‘ والی بی وائی ڈی کی سُپرکار

چین کی معروف الیکٹرک کار کمپنی بی وائے ڈی نے حال ہی میں ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں ایک سُپر کار کو بغیر ڈرائیور کے اچھل کر مختلف رکاوٹوں کو عبور کرتے دکھایا گیا ہے۔
ویب سائٹ کار نیوز چائنہ کے مطابق یینگ وینگ یو 9 نامی یہ سُپر کار بی وائے ڈی کی پریمیئم الیکٹرک گاڑی ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دکھایا گیا کہ یہ گاڑی ڈرائیور کے بغیر چل رہی ہے اور سڑک پر موجود گڑھوں اور کیلوں کے اوپر سے اچھل کر گزر رہی ہے۔
اس سے قبل بی وائی ڈی کی U8 نامی گاڑی پانی پر تیرنے کی صلاحیت کے باعث خبروں کی زینت بنی تھی۔


گاڑی کے لیے سڑک پر 3.5 سینٹی میٹر اورنچے کیل بچھائے گئے تھے۔ (فوٹو: بی وائی ڈی)

تاہم اس بار بی وائے ڈی کے مارکیٹرز نے ایک اور گاڑی کو نئی سطح پر لے جاتے ہوئے Yangwang U9 گاڑی کi 120 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار پر ٹیسٹ ڈرائیو کی ہے۔ 
ڈرائیو کے دوران سڑک پر مختلف رکاوٹیں لگائی گئی تھیں جن میں ایک پانی سے بھرا ہوا 2.5 میٹر لمبا گڑھا تھا اور دوسری رکاوٹ سڑک پر بچھائے ہوئے 3.5 سینٹی میٹر کے کیل۔ گاڑی ان دونوں رکاوٹوں کو آسانی سے اچھل کر عبور کرتی ہے۔ 
بی وائی ڈی کے مطابق ینگ وینگ یو 9 گاڑی اچھل کر 6 میٹر کے فاصلے تک ہوا میں رہ سکتی ہے۔


بی وائی ڈی یو 9 نے 6 میٹر تک گڑھے پر سے چھلانگ لگائی (فوٹو: بی وائی ڈی)

اس گاڑی کے اچھل پانے کی وجہ اس میں لگے ڈیسیس ایکس سسپینشن اور ہائیڈرالک سسٹم ہے۔
البتہ اس میں ایڈوانس ڈرائیور اسسٹنس سسٹم کون سا استعمال کیا گیا ہے یہ تاحال نہیں بتایا گیا۔ بی وائی ڈی نے حال ہی میں اعلان کیا تھا کہ ڈی جے آئی اور ہورائزن روبوٹکس نامی کمپنیاں ان کی معاونت کر رہی ہیں۔
Yangwang U9 کو فروری 2024 میں چین میں 1.68 ملین یوآن (دو لاکھ 30 ہزار ڈالر) میں لانچ کیا گیا تھا۔ اس کی بڑے پیمانے پر پیداوار اور ترسیل چھ ماہ بعد اگست میں شروع ہوئی۔
U9 ایک آل الیکٹرک سپر کار ہے جس کی بنیاد بی وائی ڈی کے e4 پلیٹ فارم پر ہے جو Disus X سسپنشن سسٹم سے لیس ہے۔ یہ نظام کار کو تین پہیوں پر چلانے، ڈانس کرنے یا چھلانگ لگانے کے قابل بناتا ہے، جیسا کہ وائرل ویڈیو میں دکھایا گیا ہے۔
یہ گاڑی چار الیکٹرک موٹرز کی مدد سے چلتی ہے جو 960 کلو واٹ (1287 ہارس پاور) اور 1680 نیوٹن میٹر کا ٹارک مہیا کرتی ہیں۔
یہ صفر سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار صرف 2.36 سیکنڈ میں حاصل کر سکتی ہے اور 400 میٹر کی ڈریگ ریس 9.78 سیکنڈ میں مکمل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
دیگر سپر کاروں کے برعکس اس میں لیتھیم نیکل مینگنیج کوبالٹ آکسائیڈز (NMC) موجود نہیں ہے بلکہ ایک سستا لیتھیم آئرن فاسفیٹ (LFP) پیک نسب کیا گیا ہے۔
اس گاڑی کی بیٹری کی صلاحیت 80 kWh ہے، جو CLTC کے حالات میں 465 کلومیٹر کی رینج دیتی ہے۔
U9 کی لمبائی 1295 ملی میٹر، چوڑائی 2029 ملی میٹر اور اونچائی 4966 ملی میٹر ہے اور اس کا وہیل بیس 2900 ملی میٹر کا ہے۔ اس کا وزن 2475 کلوگرام ہے جو ایک سپر کار کے لیے کافی زیادہ ہے۔
U9 سُپر کار 10 منٹ میں 30 فیصد سے 80 فیصد تک چارج ہو سکتی ہے اور دوہری چارجنگ کو بھی سپورٹ کرتی ہے، یعنی صارفین اس میں بیک وقت دو چارجنگ گنز لگا سکتے ہیں۔

شیئر: