سعودی پروجیکٹ کے تحت یمن سے ایک ہفتے میں 3 ہزار 147 بارودی سرنگیں صاف
اتوار 29 دسمبر 2024 17:58
چارلاکھ 76 ہزار432 بارودی سرنگوں کو تباہ کیا جا چکا ہے۔(فوٹو: ایکس اکاونٹ مسام پروجیکٹ)
سعودی عرب کے مسام پروجیکٹ نے گزشتہ ہفتے یمن کے مختلف علاقوں میں حوثیوں کی نصب کردہ مزید 3 ہزار147 بارودی سرنگوں کو صاف کیا ہے۔
عرب نیوز نے ایس پی اے کے حوالے سے بتایا شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی نگرانی میں مسام پراجیکٹ کی خصوصی ٹیموں نے3 اینٹی پرسنل بارودی سرنگیں، 3 ہزار 164 بغیر دھماکے کی ڈیوائسز،7 اینٹی ٹینک بارودی سرنگوں کو تباہ کیا ہے۔
مارب، عدن، الجوف، لحج، صنعا، صعدہ، البیضا، الضالع، شبوہ، تعز، الحدیدہ اور دیگر علاقوں سے بارودی سرنگیں صاف کی گئی ہیں۔
حوثیوں کی جانب سے یمن بھر میں نصب کی جانے والی بارودی سرنگوں سے بچوں، خواتین اور معمرافراد سمیت معصوم شہریوں کی زندگیوں کو شدید خطرہ لاحق ہے۔
2018 میں مسام پروجیکٹ کے آغاز سے اب تک یمن میں حوثیوں کی بچھائی گئی چارلاکھ 76 ہزار432 بارودی سرنگوں کو تباہ کیا جا چکا ہے۔
واضح رہے کہ حوثی باغیوں کی جانب سے 1.2 ملین سے زیادہ بارودی سرنگیں بچھائی گئی ہیں جس کے باعث سیکڑوں معصوم شہریوں کے زخمی اور ہلاک ہونے کے واقعات رونما ہوئے ہیں۔
مسام پروجیکٹ کا مقصد یمن کے مختلف شہری اور دیہی علاقوں سے بارودی سرنگوں کی صفائی کرنا ہے تاکہ معصوم شہریوں کی جانوں کو ان سے محفوظ کیا جا سکے۔
یہ پروجیکٹ مقامی انجینیئرز کی بھی تربیت اورانہیں جدید آلات فراہم کرتا ہے جبکہ باردودی سرنگوں کی زد میں آنے والے یمنی شہریوں کی بھی مدد کی جاتی ہے۔
مسام پروجیکٹ کے مطابق یمن میں بحران کے آغاز سے اب تک تقریبا 50 لاکھ افراد نقل مکانی پر مجبور ہوئے جن میں بیشتر بارودی سرنگوں کے باعث بے گھر ہوئے۔