Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جرمنی کا شام کے لیے 5 کروڑ یورو امداد کا وعدہ

جرمن وزیر خارجہ اینالینا بیئربوک نے کہا کہ ’ہمیں اس بات کا اندازہ ہے کہ نقل مکانی خواتین اور بچوں کے لیے انتہائی تکلیف دہ عمل تھا۔ (فائل فوٹو: گیٹی امیجز)
جرمنی کی وزیر خارجہ اینالینا بیئربوک نے کہا ہے کہ ’جرمنی شام کے لیے انسانی امداد کے طور پر پانچ کروڑ یورو (پانچ کروڑ 13 لاکھ ڈالر) فراہم کرے گا۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں اتوار کو شام کے حوالے سے ہونے والے وزارتی اجلاس کے موقع پر اینالینا بیئربوک نے یہ اعلان کیا ہے۔
جرمن وزیر خارجہ نے کہا کہ ’شامی عوام کو اب اقتدار کی منتقلی سے فوری فائدہ پہنچنا چاہیے اور ہم شام میں ان لوگوں کی مدد جاری رکھیں گے جو برسہا برس کی خانہ جنگی کے باعث کسمپرسی کی حالت میں ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہم خوراک، شیلٹرز اور طبی امداد کے طور پر مزید پانچ کروڑ یورو فراہم کریں گے کیونکہ ہمیں معلوم ہے گذشتہ سال کے دوران لاکھوں شامی پناہ گزین خاندان متاثر ہوئے ہیں۔‘
پریس بریفنگ میں جرمن وزیر خارجہ اینالینا بیئربوک نے کہا کہ ’ہمیں اس بات کا اندازہ ہے کہ نقل مکانی خواتین اور بچوں کے لیے انتہائی تکلیف دہ عمل تھا اور انہیں خوراک اور مناسب علاج کے لیے مشکلات کا سامنا رہا ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم شامی عوام کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے تاکہ شام میں پُرامن انتقال اقتدار ممکن ہو سکے۔‘

جرمن وزیر شام کے حوالے سے ریاض میں ہونے والے وزارتی اجلاس میں موجود تھیں۔ فوٹو واس

وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ امداد نہ صرف شام کے اندر لوگوں کی مدد کے لیے ضروری ہے بلکہ جرمنی اور پورے یورپ میں سلامتی کے لیے بھی ایک اہم عمل ہے۔
سعودی عرب کا  شکریہ ادا کرتے ہوئے جرمن وزیر نے کہا کہ ’شام کو درپیش بے شمار حل طلب مسائل پر مشترکہ طور پر تبادلہ خیال  کے لیے مملکت نے عرب خطے اور یورپی ممالک کو پلیٹ فارم مہیا کیا جو ایک احسن اقدام ہے۔‘
 

 

شیئر: