Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عسیر: بحیرہ احمر کی ساحلی پٹی پر مچھلی کی پیداوار میں غیرمعمولی اضافہ

عسیر میں مچھلی کی سالانہ پیداوار 4000 ٹن سے زیادہ ریکارڈ کی گئی۔ فوٹو العربیہ
عسیر میں دھوپ کی کرنوں سے چمکتی بحیرہ احمر کی خوبصورت ساحلی پٹی میں مچھلی کی پیداوار میں غیر معمولی اضافے نے مچھیروں اور شوقین ماہی گیروں کے لیے اہم مقام بنا دیا ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی واس کے مطابق گذشتہ سال عسیر کے علاقے میں مچھلی کی سالانہ پیداوار 4000 ٹن سے زیادہ ریکارڈ کی گئی جس کی مالیت ساڑھے 15کروڑ ریال  سے زائد تھی۔
علاقے میں مچھلی کی پیداوار میں اضافہ سعودی وزارت ماحولیات، پانی و زراعت کے ذریعہ سمندری حیات کی بقاء اور نشوونما کے لیے نافذ گئے اقدامات اور بہتر پروگراموں کا نتیجہ ہے۔ 
وزارت زراعت میں عسیر ریجن کے ڈائریکٹر احمد المجاحل نے کہا ہے ’عسیر کے ساحلی علاقے مملکت کے اہم اقتصادی اثاثے ہیں جہاں سمندری ماحول کی لازوال دولت اور اعلیٰ اقسام کی مچھلی کے ذخائر موجود ہیں۔
احمد المجاحل نے بتایا ’وزارت ماحولیات، پانی و زراعت کی عسیر برانچ نے آئندہ تین برسوں میں مچھلی کی سالانہ پیداوار 6000 ٹن تک بڑھانے کا ہدف قائم کر رکھا ہے، جس کی مالیت ساڑھے 16 کروڑ ریال ہو سکتی ہے۔
ماہی گیری کی صنعت کے فروغ کے لیے سرکاری حمایت کے حوالے سے ڈائریکٹر نے بتایا ’ بحیرہ احمر سے مچھلی پکڑنے کے لیے عسیر کی ساحلی پٹی پر اس وقت 126 ماہی گیر کشتیاں موجود ہیں۔
ذاتی کشتیوں کے ذریعے مچھلی پکڑنے والے سعودی ماہی گیروں کو مدد بھی فراہم کی جاتی ہے اور جلد ہی  سعودی ماہی گیروں کو 35 کشتیاں تقسیم کی جائیں گی۔

عسیر ساحلی پٹی پر اس وقت 126 ماہی گیر کشتیاں موجود ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

تجربہ کار ماہی گیروں کی مہارت کو سعودی نوجوانوں تک منتقل کرنا ہمارا خاص ہدف ہے جس کے لیے فہرست میں 85 تجربہ کار ماہی گیر شامل ہیں جو اس شعبے میں  آنے والے نوجوانوں کی رہنمائی کر رہے ہیں۔
وزارت ماحولیات، پانی و زراعت نے گذشتہ دنوں ’سمندری ورثہ اور مچھلی میلے کا انعقاد کیا جس میں 39 سٹالز لگائے گئے تھے جہاں مختلف اقسام کی سمندری خوراک پیش کی جا رہی تھی۔
میلے میں مقامی کاٹیج انڈسٹریز، سرکاری ایجنسیوں اور سول سوسائٹی اداروں کے ساتھ ماہی گیر خاندانوں کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی۔

بحیرہ احمر کے ساتھ عسیر کا ساحلی علاقہ 140 کلومیٹر تک پھیلا ہوا ہے۔ فوٹو عرب نیوز

سمندری ورثہ میلے میں ہونے والی  تقریب میں آگہی کے حوالے سے تربیتی پروگرام کے علاوہ ماہی گیری کی تکنیک، مچھلی پکڑنے کے لے سمندری سفر کے طریقے، کشتیوں کی دوڑ اور روایتی لوک رقص پیش کئے گئے۔
بحیرہ احمر کے ساتھ ساتھ عسیر کا ساحلی علاقہ تقریباً 140 کلومیٹر تک پھیلا ہوا ہے جس میں مختلف سمندری ماحولیاتی نظام میں مرجان کی چٹانیں، مینگروو کے جنگلات اور جزیرہ جبل کدمبل سمیت کئی سیاحتی جزائر شامل ہیں۔

 

شیئر: