کنگ سلمان امدادی مرکز کی پاکستان میں راشن کی تقسیم
سندھ اور خیبرپختونخوا میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ 13159 افراد مستفید ہوں گے۔ فوٹو واس
سعودی عرب کے امدادی ادارے کنگ سلمان امدادی مرکز نے پاکستان کے صوبہ سندھ اور خیبرپختونخوا میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں راشن کے دو ہزار 28 پارسل تقسیم کیے ہیں۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی واس کے مطابق پاکستان میں رواں سال فوڈ سکیورٹی سپورٹ پروجیکٹ کے تحت دی جانے والی خشک راشن کی اس امداد سے 13 ہزار سے زائد افراد مستفید ہوں گے۔
کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کے ذریعے پاکستان میں ضرورت مند افراد کی مدد کے لیے راشن کی تقسیم مملکت کی جانب سے جاری انسانی ہمدردی کی کاوشوں کی عکاسی کرتی ہے۔
یہ امدادی سامان پاکستان کی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور صوبائی حکومتوں کی مدد سے شفاف طریقے سے تقیسم کیا گیا ہے۔
قبل ازیں کنگ سلمان امدادی مرکز نے حال ہی میں ڈبلیو ایچ او کے ساتھ شراکت میں پانچ مختلف منصوبوں پر عمل درآمد کیا ہے اور دیگر کئی منصوبوں پر جلد ہی دستخط کیے جائیں گے۔
متعدد مشترکہ منصوبوں میں وبائی بیماریوں کی ویکسین کی تقسیم، متعدی بیماریوں پر قابو پانا اور علاج معالجہ کے علاوہ بچوں و خواتین میں غذائی قلت اور بھوک کی بڑھتی ہوئی سطح سے نمٹنا شامل ہے۔
