کنگ سلمان سینٹر کا پاکستان کے سیلاب متاثرین کی امداد کا عمل مکمل
امدادی سامان کی تقسیم سے ایک لاکھ سے زائد افراد مستفید ہوئے۔ فوٹو: بشکریہ سعودی سفارتخانہ
پاکستان کے 14 اضلاع میں شاہ سلمان ریلیف کی جانب سے موسم سرما میں سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان کی تقسیم کا عمل مکمل ہو گیا ہے۔
بدھ کو پاکستان میں سعودی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کے تحت پاکستان میں ونٹر ریلیف پیکج کی تقسیم مکمل ہو گئی ہے تاکہ سردی شروع ہونے سے پہلے ہی متاثرین کو بروقت امداد میسر ہو۔
ونٹر امدادی پیکج جن 14 اضلاع میں تقسیم کیا گیا ہے ان میں گانچے، سکردو، نگر، استور، غزر، چترال، سوات، اپر دیر، مانسہرہ، ڈیرہ اسماعیل خان، دادو، جام شورو، بدین اور قمبر شھدا کوٹ شامل ہیں۔
امدادی پیکج میں 50 ہزار رضائیاں اور 25 ہزار ونٹر کٹس شامل ہیں جن میں مردانہ زنانہ گرم شالیں اور بچوں و بڑوں کے لیے گرم ملبوسات موجود ہیں۔
کنگ سلمان سینٹر نے امدادی سامان نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور صوبائی حکومت کی مدد سے شفاف طریقے سے تقیسم کیا گیا ہے جس سے مجموعی طور پر 1 لاکھ 75 ہزار سے زائد افراد مستفید ہوئے ہیں۔