Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اردن میں سعودی امدادی مرکز کا رضاکارانہ پروگرام مکمل

تربیتی کورسز میں موبائل فون مرمت، سلائی کڑھائی و دستکاری ہنر سکھائے گئے۔ فوٹو واس
سعودی امدادی ایجنسی  کنگ سلمان ریلیف سنٹر کے زیراہتمام اردن میں موجود الزعتری پناہ گزین کیمپ میں 25 واں رضاکارانہ تربیتی پروگرام اختتام پذیر ہو گیا ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ایک ہفتہ  کے اس امدادی پروگرام میں 23 رضاکاروں کی ٹیم شامل تھی جنہوں نے 900 سے زیادہ شامی مہاجرین کی مدد کی۔
سعودی امدادی مرکز کے اس رضاکارانہ پروگرام سے اردن کے کیمپوں میں موجود شامی پناہ گزین مستفید ہوئے ہیں۔
ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ کارپوریشن اور سعودی عربین فٹ بال فیڈریشن کے تعاون سے چلائے جانے والے پروگرام میں موبائل فون کی مرمت، سلائی کڑھائی، مٹی کے برتنوں کی تیاری اور لکڑی کے کام کا ہنر اور اس طرح کی دیگر دستکاریوں کے شعبوں میں تربیتی کورسز پیش کیے گئے۔
تربیتی پروگراموں میں انگریزی زبان کے کورسز، کیمسٹری و فزکس کے سائنس کورسز اور بچوں کی تخلیقی و سماجی صلاحیتیں بڑھانے کے لیے مختلف کورسز بھی شامل کئے گئے تھے۔
مزید برآں امدای مرکز نے  پناہ گزین کیمپ کے طبی مراکز میں بھی خدمات فراہم کیں جن میں امراض چشم، جلدی امراض، ذیابیطس کے مریضوں کے لیے معلومات کے علاوہ جسمانی ورزش کے ساتھ صحت بھال رکھنے کے کورس کرائے گئے۔

امدادی پروگرام میں 23 رضاکاروں کی ٹیم نے شامی مہاجرین کی رہنمائی کی۔ فوٹو واس

ہفت روزہ تربیتی سیشن میں وہیل چیئر کی مرمت اور دیکھ بھال کے ساتھ ساتھ طبی آلات کے بارے میں ورکشاپس بھی منعقد کی گئیں۔
واضح رہے کہ کنگ سلمان ریلیف سنٹر کے زیراہتمام اردن کے زعتری پناہ گزین کیمپ میں 25 واں رضاکارانہ تربیتی پروگرام رضاکارانہ اقدامات میں سے ایک تھا، پروگرام میں رضاکارانہ کام کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
 

شیئر: