’بیٹا رکشے میں ہسپتال لے کر گیا‘، سیف علی خان پر حملہ کیسے کیا گیا؟
جمعرات 16 جنوری 2025 12:10
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
سیف علی خان اور کرینہ کپور اپنے بچوں کے ہمراہ گزشتہ ہفتے نیو ایئر کی چھٹیاں منا کر سوئٹزرلینڈ سے ممبئی واپس آئے تھے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
بالی وڈ کے اداکار سیف علی خان اپنے گھر میں ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت کرتے ہوئے شدید زخمی ہو گئے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق جمعرات کی رات سیف علی خان کے گھر میں ڈاکو گھسا جس نے مزاحمت کے دوران اداکار کو چاقو کے وار سے شدید زخمی کر دیا۔
حادثے کے بعد سیف علی خان کو ہسپتال لے جایا گیا جہاں اُن کا علاج جاری ہے۔
سیف علی خان ممبئی کے علاقے باندرا (ویسٹ) میں واقع 11ویں منزل پر اپنے گھر میں سو رہے تھے کہ انہون ںے کچھ مشکوک آوازیں سنیں۔
یہ واقعہ جمعرات کی علی الصبح ڈھائی بجے کے قریب پیش آیا۔
آوازیں سنائی دینے کے بعد سیف علی خان نیند سے بیدار ہوئے اور پھر ڈاکو اور اُن کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی جس کے بعد ڈاکو نے انہیں چھ مرتبہ چاقو مارے اور موقع سے فرار ہو گیا۔
اس واقعے کے بعد باندرا پولیس کو رات تین بجے کال کی گئی۔
سیف علی خان کی اہلیہ اداکارہ کرینہ کپور خان اپنی بہن کرشمہ کپور اور دوستوں کے ساتھ ڈنر کرنے گئی تھیں وہ رات ڈیڑھ بجے گھر واپس آئیں۔
اس کے بعد سیف علی خان کو ممبئی کے لِیلاوتی ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اُن پر حملے کی تصدیق کی۔
ڈاکٹر نراج اتامانی کہتے ہیں کہ ’سیف علی خان کی ریڑھ کی ہڈی پر چاقو مارا گیا۔‘
اداکار کے بڑے بیٹے ابراہیم علی خان اپنے زخمی والد کو ایمرجنسی میں رکشے میں بیٹھا کر ہسپتال لے کر گئے۔
اداکار کو ہاتھوں اور گردن پر گہرے زخم آئے اور اُن کی سرجری ڈھائی گھنٹے تک جاری رہی۔
ہسپتال انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ سیف علی خان اب مکمل طور پر خطرے سے باہر ہیں۔
دوسری جانب پولیس نے واقعے کی ایف آئی آر نامعلوم ملزم کے خلاف درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
سیف علی خان کے گھر میں موجود تین ملازموں سے بھی واقعے کی تفتیش کی جا رہی ہے۔
مبینہ طور پر حملہ آور گھر میں کام کرنے والے ایک ملازم کا رشتہ دار معلوم ہوتا ہے۔
کرائم برانچ کے مطابق نامعلوم ملزم ساتھ والی بلڈنگ سے سیف کے گھر میں دیوار پھلانگ کر داخل ہوا۔
سیف علی خان کی ٹیم نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’سیف علی خان کے گھر پر ڈکیتی کی واردات ہوئی ہے۔ وہ ابھی ہسپتال میں ہیں جہاں اُن کی سرجری ہوئی ہے۔ ہم میڈیا اور مداحوں سے درخواست کرتے ہیں کہ صبر سے کام لیں۔ یہ پولیس کا معاملہ ہے۔‘
خیال رہے کہ سیف علی خان اور کرینہ کپور اپنے بچوں کے ہمراہ گزشتہ ہفتے نیو ایئر کی چھٹیاں منا کر سوئٹزرلینڈ سے ممبئی واپس آئے تھے۔