Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہدآفریدی کو ایک روزہ میں میچ کھیلتے ہوئے 20برس ہوگئے

کراچی (اسپورٹس ڈیسک) 1996 کو کینیا کے خلاف اپنا پہلا ایک روزہ میچ کھیلنے والے شاہد آفریدی کا ون ڈے کیریئر 20 سال پر محیط ہو گیا ہے۔بوم بوم آفریدی کے نام سے مشہور آفریدی نے اپنا ون ڈے ڈیبیو کینیا کے خلاف آج سے 20سال آج ہی کی تاریخ میں 1996 کو کیا تھا۔ آفریدی نے گزشتہ 20 برسوں میں اب تک 398 ایک روزہ میچ کھیلے جن میں 23.57 کی اوسط سے 8064 رنز بنائے جس میں 6 سنچریاں اور 39 نصف سنچریاں شامل ہیں جبکہ ایک روزہ میچ میں ایک اننگ میں زیادہ سے زیادہ اسکور 124 ہے۔ لیگ ا سپنرمشاق احمد کی جگہ قومی ٹیم میں بطوراسپنرشامل ہونے والے آفریدی نے ایک روزہ میچوں میں 395 وکٹیں لی ہیں جس میں 9 مرتبہ پانچ یا پانچ سے زائد وکٹیں لیں جبکہ بہترین بولنگ 12 رنز کے عوض 7 وکٹیں ہیں۔ بولنگ اور بیٹنگ کے شعبے میں اپنی دھاک بٹھانے والے آفریدی فیلڈنگ کے شعبے میں کافی مستعد اور متحرک نظرآتے ہیں۔ انہوں نے اپنے ون ڈے کیرئیر میں 127کیچز بھی پکڑے آفریدی نے کئی میچوں میں تن تنہا پاکستانی ٹیم کو جیت دلوائی ہے اور بطور کپتان انہوں نے پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کو اپنے عروج پر پہنچایا ۔ ون ڈے میچوں میں ان کی ملک کے لئے گراں قدر خدمات قابل ستائش ہیں۔ آفریدی نے اپنی پہلے ہی اننگ میں ایک روزہ میچ کی تیزترین سنچری بنانے کا اعزازحاصل کیا ۔ ریکارڈ انہوں نے سری لنکا کے خلاف صرف 37گیندوں پر سنچری مکمل کر کے بنایا اور یہ اعزاز انہوں نے صرف 16 سال کی عمر میں حاصل کیا۔ایک روزہ میچوں میں سب سے زیادہ چھکے مارنے والے آفریدی جے سوریا کے بعد دوسرے آل راؤنڈر ہیں جنہوں نے 6 ہزار سے زیادہ رنز اور 300 سے زائد وکٹیں حاصل کیں ۔ واضح رہے آفریدی کے مدا حوں میں ہندوستانی کھلاڑی بھی شامل ہیں یہی وجہ ہے انہیں سب سے پہلے بوم بوم کا لقب بھی ہندوستانی سابق ٹیسٹ کرکٹر اور موجودہ کمنٹیٹر روی شاستری نے دیا تھا۔

شیئر: