Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حماس کی سنیچر کو مزید چھ اسرائیلی چھوڑنے کی تصدیق،’ 650 فلسطینی رہا ہوں گے‘

لاپتا اور یرغمال افراد کے لیے کام کرنے والے اسرائیلی فورم نے رواں ہفتے کے آغاز میں ان چھ افراد کے نام شائع کیے تھے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ نے تصدیق کی ہے کہ وہ سنیچر کو اسرائیل کے چھ یرغمال افراد کو رہا کر دیں گے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یرغمال افراد کی حوالگی کا یہ اقدام حماس اسرائیل جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد کے طور پر کیا جا رہا ہے۔
جمعے کو حماس کے القسام بریگیڈ نے کہا ہے کہ ’طے شدہ منصوبے کے مطابق ان افراد کی رہائی عمل میں لائی جائے گی۔‘
لاپتا اور یرغمال افراد کے لیے کام کرنے والے اسرائیلی فورم نے رواں ہفتے کے آغاز میں ان چھ افراد کے نام شائع کیے تھے۔
سنیچر کو متوقع طور پر رہا ہونے والوں میں ایلیا کوہن، تل شوہم، عمر شیم توو، عمر وینکرٹ، ہشام السید اور ایویرہ منگستو کے نام شامل ہیں۔
فلسطینی قیدیوں کی رہائی سے متعلق سرگرم گروپ نے کہا ہے کہ قیدیوں کے تبادلے میں سنیچر کو اسرائیل کی مختلف جیلوں سے 650 فلسطینی قیدی رہا کیے جائیں گے۔
فلسطینی این جی او کی ترجمان امانی سراہنیہ نے اے ایف پی کو بتایا کہ ابھی تک رہا ہوںے والے فلسطینیوں میں 445 وہ افراد تھے جنہیں حماس کے سات اکتوبر کے حملے کے بعد غزہ سے گرفتار کیا گیا تھا۔ 60 افراد کو طویل قید جبکہ 50 کو عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
اس کے علاوہ 47 فلسطینی ایسے تھے جنہیں 2011 میں ہونے والے قیدیوں کے تبادلے کے بعد دوبارہ گرفتار کر لیا گیا تھا۔

 

شیئر: