تجارت اور سرمایہ کاری کا فروغ: سعودی، فلسطینی بزنس کونسل کا معاہدہ
دونوں ملکوں کے درمیان تجارت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب اور فلسطین نے دوطرفہ تجارت اور دونوں ملکوں کے درمیان سرمایہ کاری کو فروع دینے کےلیے ایک بزنس کونسل کے قیام پر اتفاق کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق فیڈریشن آف سعودی چیمبرز کے چیئرمین حسن معجب الحویزی اور مملکت میں فلسطینی سفیر مازان محمد راتب غنیم درمیان ریاض میں ہونے والی ملاقات میں پہلی سعودی فلسطینی بزنس کونسل کا معاہدہ طے پا یا ہے۔
بزنس کونسل کی تشکیل اقتصادی تعلقات کو مستحکم کرنے کے لیے ایک اہم قدم ہے جبکہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔
ملاقات کے دوران حسن معجب الحویزی نے فلسطینی کاروباری افراد کو سعودی عرب میں سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے فلسطینی مصنوعات کو مملکت میں متعارف کرانے اور مارکیٹ کرنے کے لیے ایکسپو اورکانفرنس کے انعقاد کے لیے فیڈریشن کی سپورٹ کا اعادہ کیا۔
سعودی جنرل اتھارٹی برائے شماریات کے اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ برس کی تیسری سہ ماہی کے دوران فلسطینی کو سعودی عرب کی مجموعی برآمداتت 118.3 ملین ریال رہی ہے۔ دوسری سہ ماہی کے مقابلے میں 35 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
سعودی عرب نے 2024 کی تیسری سہ ماہی میں 40 لاکھ ریال مالیت کا فلسطینی سامان درآمد کیا ہے۔
نیا معاہدہ اسرائیل اورحماس کے درمیان جنگ بندی معاہدے کے نفاذ کے دو دن بعد سامنے آیا ہے۔