اٹلی کی وزیراعظم جارجیا میلونی سنیچر کو سعودی عرب کے سرکاری دورے پر جدہ پہنچی ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر نائب گورنر مکہ مکرمہ ریجن شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز نے ان کا خیرمقدم کیا۔
مزید پڑھیں
-
نیوم میں اٹلی کی تعمیراتی کمپنی کے منصوبے جاری ہیںNode ID: 881967
اس موقع پر اٹلی میں سعودی سفیر شہزادہ فیصل بن سطاام بن عبدالعزیز، وزیر تجارت ماجد القصبی، جدہ کے میئر صالح بن علی الترکی، مملکت میں اٹلی کے سفیر کارلو بالڈوچی اور دیگرعہدیداروں نے ان کا خیرمقدم کیا۔
اطالوی وزیراعظم کا یہ دورہ رواں ماہ کے آغاز میں دونوں ملکوں کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کے ایک معاہدے پر دستخط کے بعد ہورہا ہے۔
اس معاہدے میں سعودی عرب سے گرین ہائیڈروجن کی یورپ کو ممکنہ فراہمی شامل ہے۔
یاد رہے سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے 14 جنوری کو اطالوی ہم منصب سے ملاقات اور مفاہمتی یادداشت پردستخط کے لیے اٹلی کا دورہ کیا تھا۔
العربیہ کے مطابق اطالوی وزیراعظم جارجیا میلونی کا یہ پہلا دورہ سعودی عرب ہے، وہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گی۔
اس ملاقات میں سعودی عرب اور اٹلی کے درمیان مشترکہ تعاون کے مواقع پر بات چیت کا امکان ہے۔
اٹلی اور سعودی عرب کے درمیان 1932 سے قریبی تعلقات قائم ہیں۔ اٹلی سعودی عرب کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے والے اولین ملکوں میں شامل تھا اور جدہ میں اپنا قونصلیٹ کھولا تھا۔
دونوں ملکوں کے درمیان 1933 میں تعاون کے معاہدے پر دستخط ہوئے تھے۔ سعودی عرب اور اٹلی کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم 10 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے۔