نیمار صحت یابی کے بعد ’بہت جلد‘ الہلال کلب کے لیے کھیلیں گے
نیمار صحت یابی کے بعد ’بہت جلد‘ الہلال کلب کے لیے کھیلیں گے
بدھ 21 اگست 2024 18:34
برازیلین سٹار نے گزشتہ موسم گرما میں الہلال کلب سے معاہدہ کیا تھا۔ فائل فوٹو اے ایف پی
برازیل کے سٹار فٹبال نیمار نے امید ظاہر کی ہے کہ انجری سے صحت یاب ہو کر ریاض کی فٹبال کلب الہلال کے لیے وہ ’بہت جلد‘ کھیلتے نظر آئیں گے۔
عرب نیوز کے مطابق 32 سالہ سابق پیرس سینٹ جرمین اور بارسلونا فٹبال کلب کے سٹار نے گزشتہ موسم گرما میں سعودی عرب کی الہلال کلب سے معاہدہ کیا تھا تاہم اکتوبرمیں گھٹنے کی انجری کا شکار ہو گئے تھے۔
برازیلین سٹار نیمار گذشتہ روز منگل کو ریاض بلیوارڈ سٹی میں جاری ای سپورٹس ورلڈ کپ گیمز کے ایک شو میچ میں تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک کھیلے ہیں۔
نیمار کی ٹیم نے ای سپورٹس گیمز میں کاؤنٹر سٹرائیک II اور TEKKEN 8 کے میچز جیتنے کے ساتھ ای سپورٹس ورلڈ کپ کلب چیمپئنز ٹیم فالکنز کو 1-2 کو شکست دی۔
ای سپورٹس شو میچ کے بعد بات کرتے ہوئے نیمار نے اپنی خواہش ظاہر کی کہ وہ جتنی جلدی ممکن ہو صحت یاب ہو کر کلب اور ملک کے لیے فٹ بال گراؤنڈ میں واپس آنا چاہتے ہیں۔
نیمار نے کہا ’ میرے پاس کوئی حتمی تاریخ تو نہیں تاہم میں بہت جلد واپس آنے کی امید کرتا ہوں، یہ میرے لیے ایک چیلنجنگ دور رہا ہے، میں تب ہی واپس آؤں گا جب 100فیصد صحتیاب ہو جاؤں گا، ابھی تک ٹریننگ کے لیے گراؤنڈ میں نہیں اترا لیکن بہتر ریکوری کر رہا ہوں۔
گذشتہ سیزن کے اختتام پر الہلال کے مینیجر جارج جیسس نے نیمار کی واپسی کے لیے ٹائم لائن کا انکشاف کرتے ہوئے کہا ’ہمیں امید ہے کہ وہ ٹیم میں شامل ہونے کے لیے تیار ہیں اور ستمبر یا اکتوبر تک دوبارہ پریکٹس شروع کر دیں گے۔
جارج جیسس نے کہا ’نیمار غیر معمولی صلاحیتوں کے مالک ایک سٹار کھلاڑی ہیں، میں ان کی صحت کے بارے میں کوئی حتمی تاریخ نہیں دے سکتا تاہم ایسی چوٹ لگنے کے بعد صحتیاب ہونے کے لیے عام طور پر 10 سے 12 ماہ کا عرصہ درکار ہوتا ہے۔‘
قبل ازیں نیمار نے جولائی میں ای سپورٹس ورلڈ کپ میں برازیل کی ٹیم فیوریہ کے ساتھ Dota2 ریاض ماسٹرز اور کاؤنٹر سٹرائیک 2 ٹورنامنٹ کا فائنل دیکھنے کے لیے مداح کے طور پر شرکت کی تھی۔