Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’30 کروڑ روپے معاوضہ‘، کیا پرینکا چوپڑا دپیکا پاڈوکون سے زیادہ مہنگی اداکارہ بن گئی ہیں؟

دپیکا پاڈوکون نے اپنی تیلگو فلم کلکی 2898 اے ڈی کے لیے 15 سے 20 کروڑ انڈین روپے بطور فیس لیے تھے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
مشہور تیلگو فلم ’پشپا 2‘ کی شاندار کامیابی کے بعد فلموں کے شائقین ہدایت کار ایس ایس راجامولی کی اگلی آنے والی فلم کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔
ویب سائٹ کُوئی مُوئی کے مطابق ہدایت کار ایس ایس راجامولی نے تیلگو سپرسٹار مہیش بابو کے ساتھ اپنی اگلی نئی فلم بنانے کا اعلان کیا ہے۔
اس فلم کا ابھی تک ٹائٹل تو نہیں سامنے آیا، تاہم اسے ایس ایس ایم بی 29 کے نام سے جانا جا رہا ہے یعنی مہیش بابو کی 29 ویں فلم۔
اس فلم میں بالی وُڈ کی اداکارہ پرینکا چوپڑا مرکزی کردار میں دکھائی دیں گی۔ وہ طویل وقفے کے بعد کسی بھی کمرشل انڈین فلم میں کام کر رہی ہیں۔
جہاں بڑی فلموں کے لیے ایس ایس راجامولی کو کامیابی کی علامت سمجھا جاتا وہیں مہیش بابو اور پرینکا چوپڑا کے ساتھ اُن کی اگلی فلم کے لیے باکس آفس پر تاریخی کاروبار کی پیش گوئی کی جا رہی ہے۔
راجامولی اپنی فلموں کو بنانے کے لیے کافی وقت لگاتے ہیں اور اداکاروں کے صبر کا خُوب امتحان لیتے ہیں، تاہم اس کے بدلے اداکاروں کو طویل شیڈول کے عوض بھاری معاوضہ دیا جاتا ہے۔

پرینکا چوپڑا طویل وقفے کے بعد کسی بھی کمرشل انڈین فلم میں کام کر رہی ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)

ایس ایس ایم بی 29 کی ریلیز 2027 میں متوقع ہے جس کے لیے پرینکا چوپڑا نے کسی بھی اداکارہ کو ملنے والا سب سے بڑا پے چیک لیا ہے۔
اس فلم کو کرنے کے لیے وہ انڈیا کی سب سے مہنگی اداکارہ بن گئی ہیں۔
سبھاش کے جھا کی رپورٹ کے مطابق ایس ایس ایم بی 29 کے لیے پرینکا چوپڑا 30 کروڑ انڈین روپے لے رہی ہیں۔
اس پے چیک کے ذریعے انہوں نے دپیکا پاوڈوکون کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
خیال رہے کہ دپیکا پاڈوکون نے اپنی تیلگو فلم کالکی 2898 اے ڈی کے لیے 15 سے 20 کروڑ انڈین روپے بطور فیس لی تھی جس کے بعد وہ انڈیا کی مہنگی ترین اداکارہ قرار پائی تھیں۔

 

شیئر: