Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریڈ سی فلم فیسٹیول: ’ویمن ان سنیما‘ کی تقریب میں پریانکا چوپڑا سمیت دیگر کی شرکت

ریڈ سی فلم فیسٹیول کی تقریب میں پریانکا چوپڑا نے عرب ڈیزائنر کا لباس پہنا۔ فوٹو: گیٹی
سعودی عرب کے شہر جدہ میں ’ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول‘ کے موقع پر ’ویمن ان سنیما‘ کی تقریب میں معروف بالی وڈ سٹار پریانکا چوپڑا سنہری زرد لباس زیب تن کیے شاندار انداز میں جلوہ گر ہوئیں۔
عرب نیوز کے مطابق اس تقریب میں ہالی وڈ،  بالی وڈ اور دیگر فلم انڈسٹریوں سے تعلق رکھنے والے اداکاروں اور شوبز شخصیات بھی شریک تھیں جن میں جیسکا ایلبا، فریڈا پنٹو، تارا ایماد، لوسی ہیل، شرین سٹون، سلمیٰ ابو ضیف، سونم کپور اور  دیگر موجود تھے۔
تقریب میں بالی وڈ ہیروئن اور امریکی ڈرامہ سیریز کوانٹیکو کی سٹار اداکارہ پریانکا چوپڑا نے لبنانی ڈیزائنر نکولس جبران کا لباس پہن رکھا تھا۔
ہالی وڈ کی مشہور فلموں ’سن سٹی‘ اور ’فانٹاسٹک فور‘ کی اداکارہ ایلبا نے تقریب میں شرکت کے لیے مشرق وسطیٰ کے ڈیزائنر کے ملبوسات زیب تن کرنے کو ترجیح دی۔
اداکارہ ایلبا نے لبنانی ڈیزائنر ایلی صعب کا تیار کردہ گاؤن پہن کر تقریب میں شامل ہوئیں۔
ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی تو ریڈ کارپٹ پر جلوہ گر ہونے والے فلمی ستارے سعودی ڈیزائنرز کے ملبوسات میں نظر آئے۔
ہالی وڈ کی نامور اداکارہ شیرون سٹون، بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان، ہدایتکار اولیور سٹون اور امریکی فلموں میں نام کمانے والی پریانکا چوپڑا نے منفرد سٹائل اور ملبوسات میں ریڈ کارپٹ کو رونق بخشی۔
برازیل سے تعلق رکھنے والی سپر ماڈل الیسنڈرا ایمبروسیو نے جدہ کے ایک ڈیزائنر یوسف اکبر کا نیلے رنگ کا لباس زیب تن کیا، اور ساتھ ہی سونے کا کڑا اور اس سے میچنگ ٹاپس پہن رکھے تھے۔
برازیل کی سپر ماڈل اس سے پہلے بھی عرب ڈیزائنرز کے ملبوسات پہن چکی ہیں۔ گزشتہ ماہ وہ لبنانی ڈیزائنر زوہیر مراد کے ڈریس میں دکھائی دی تھیں۔
سعودی ریسرچ اور میڈیا گروپ (ایس آر ایم جی) کی پہلی خاتون سربراہ جمانا الراشد سعودی ڈیزائنر لوودیانہ کے لباس میں شیرون سٹون کے ساتھ دکھائی دیں۔
ریڈ کارپٹ پر جلوہ گر ہونے والی برطانوی اداکارہ جیکی اینسلے نے بھی سعودی ڈیزائنر سلمیٰ زہران کا لباس پہن رکھا تھا۔
جیکی اینسلے کو 2017 کی فلم ’کنگ آرتھر، لیجینڈ آف دا سوورڈ‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے پر جانا جاتا ہے۔
سعودی برانڈ ہونیدا کی بانی ہونیدا سیرافی فیسٹیول میں اپنے ہی تیارہ کردہ سبز رنگ کے خوبصورت لباس میں دکھائی دیں۔
انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے ہونیدا نے لکھا کہ ’جدہ میں منعقد ہونے والے ریڈ سی فیسٹویل کے دوسرے ایڈیشن کی افتتاحی تقریب میں شرکت پر خوشی ہوئی، جہاں دنیا بھر سے کامیاب باصلاحیت شخصیات اور عرب آرٹسٹس نے شرکت کی۔ مشرق اور مغرب کی ثقافت کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے والی ایک شاندار تقریب جہاں تخلیقی صلاحیتیں اور خوبصورتی بھرپور انداز میں دکھائی دی۔‘

بالی وڈ اور ہالی وڈ کے فلمی ستارے عرب ڈیزائنرز کے ملبوسات میں دکھائی دیے۔ فوٹو: گیٹی

لبنانی سوشل میڈیا انفلواینسر ناتالی فنج سعودی ڈیزائنر تیما عابد کے لباس میں جلوہ گر ہوئیں جس کے ساتھ انہوں نے سوئس مشہور جیولری ڈیزائنر شوپارڈ کی میچنگ جیولری پہن رکھی تھی۔

شیئر: