Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈیرہ اسماعیل خان میں بم دھماکہ، چار لیویز اہلکاروں سمیت پانچ افراد ہلاک

گاڑی کو بم دھماکے کے ذریعے نشانہ بنایا گیا جس کے بعد اس میں آگ بھڑک اٹھی (فائل فوٹو: اے ایف پی)
بلوچستان سے ملحقہ خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں بم دھماکے کے نتیجے میں بلوچستان لیویز فورس کے چار اہلکاروں سمیت پانچ افراد ہلاک ہوگئے۔
ڈیرہ اسماعیل خان کے اسسٹنٹ کمشنر محمد اکرم نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے پانچ ہلاکتوں کی تصدیق کی اور بتایا کہ واقعہ سنیچر کی شام کو ضلع ڈیرہ اسماعیل خان سے تقریباً 35 کلومیٹر دور کلاچی موڑ کے مقام پر پیش آیا۔
انہوں نے بتایا کہ گاڑی کو بم دھماکے کے ذریعے نشانہ بنایا گیا جس کے بعد اس میں آگ بھڑک اٹھی اور گاڑی میں سوار پانچوں افراد جھلس گئے۔
مرنے والوں میں بلوچستان کے ضلع پشین کی تحصیل خانوزئی کی لیویز فورس کے نائب رسالدار نور احمد کاکڑ، سپاہی رشید زمان، سپاہی داود خان، سپاہی بلال احمد اور گاڑی کا سویلین ڈرائیور شامل ہے۔
پشین لیویز کے مطابق نشانہ بننے والے بلوچستان لیویز فورس کے اہلکار ایک ٹرک چوری کے کیس میں ڈیرہ اسماعیل خان جارہے تھے۔
لیویز کے مطابق پشین کے علاقے خانوزئی کی حدود سے 13 جنوری کو ایک ٹرک چوری ہوا تھا جسے ڈیرہ اسماعیل خان پولیس نے برآمد کرکے خانوزئی لیویز کو اطلاع دی تھی۔
لیویز کے مطابق نائب رسالدار نور احمد ٹرک وصول کرنے کے لیے سنیچر کی صبح خانوزئی سے نجی گاڑی میں تین سپاہیوں اور ڈرائیور کے ہمراہ روانہ ہوئے تھے، تاہم ڈیرہ اسماعیل خان پہنچنے سے پہلے ان پر نامعلوم افراد کی جانب سے حملہ ہوگیا۔
لیویز کے مطابق دھماکے سے پہلے گاڑی پر فائرنگ بھی کی گئی تھی۔
پشین لیویز کے مطابق لاشوں کو ضروری کارروائی کے بعد بلوچستان منتقل کیا جائے گا۔

 

شیئر: