نیوزی لینڈ کے بیٹر رچن روندرا سہ ملکی ون ڈے سیریز کے پہلے ہی میچ میں ہیڈ انجری کا شکار ہو گئے ہیں۔
سنیچر کو پاکستان کے خلاف میچ کے دوران کیچ پکڑتے ہوئے گیند ان کے ماتھے پر جا لگی تھی۔
رچن روندرا ڈیپ سکوائر لیگ پر پاکستانی بیٹر خوشدل شاہ کا کیچ پکڑنے کی کوشش کر رہے تھے کہ قذافی سٹیڈیم کی فلڈ لائٹس آنکھوں میں لگنے وجہ سے وہ گیند کو صحیح طور پر دیکھ نہ سکے۔
مزید پڑھیں
گیند لگنے سے رچن روندا کے ماتھے سے خون نکلنے لگا اور تماشائی پریشانی سے یہ منظر دیکھ رہے تھے۔
ابتدائی طبی امداد کے بعد وہ ماتھے پر پٹی کو پکڑے ہوئے فیلڈنگ چھوڑ کر چلے گئے تھے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ کے ترجمان نے ویب سائٹ کرک انفو کو بتایا کہ ’رچن روندرا کو گراؤنڈ سے اس وقت لے جایا گیا جب 38ویں اوور میں کیچ پکڑتے ہوئے ان کے ماتھے پر گیند لگنے سے چوٹ آئی۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’ان کے ماتھے پر زخم آیا ہے جس کی مرہم پٹی وہیں گراؤنڈ ہی میں کی گئی، باقی وہ ٹھیک ہیں۔ پہلے ہیڈ انجری معائنے (ایچ آئی اے) میں ان کی حالت بہتر معلوم ہوئی ہے لیکن ان کا معائنہ جاری رہے گا۔‘
سہ ملکی ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں رچن روندرا نے 19 گیندوں پر 25 رنز سکور کیے تھے۔
اس میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو چھ وکٹوں کے نقصان پر 331 رنز کا ہدف دیا تھا لیکن پاکستانی ٹیم 252 سکور پر ہی ڈھیر ہو گئی تھی۔ یوں نیوزی لینڈ نے 78 رنز کی برتری سے یہ میچ اپنے نام کر لیا تھا۔
سہ ملکی ون ڈے سیریز میں پاکستان، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں مدمقابل ہیں۔