Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی سینما گھروں میں مصری فلمیں باکس آفس پر کامیاب رہیں

فلم ’الدشاش‘ نے باکس آفس پر 4.5 ملین ریال کی آمدنی حاصل کی۔ (فوٹو الاقتصادیہ)
سعودی فلم کمیشن کے مطابق جنوری 2025 کے دوران 4 مصری فلموں نے سعودی سینما گھروں کی باکس آفس پر ہونے والی کل آمدنی کا 29 فیصد حاصل کیا۔
جنوری میں سعودی سینما گھروں میں 49 فلمیں ریلیز ہوئیں جن سے مجموعی طور پر 91 ملین ریال کی آمدنی ہوئی جس میں مصری فلموں سے ریکارڈ 26.5 ملین ریال کی آمدنی ہوئی ۔
الاقتصادیہ کے مطابق جنوری 2025 میں سب سے کامیاب مصری فلم ’الھنا اللی انا فیہ‘ رہی جس نے باکس آفس پر 17.7 ملین ریال کمائے جبکہ دسمبر کے وسط میں ریلیز ہونے کے بعد سے اب تک یہ فلم  تقریبا 26 ملین ریال کی آمدنی کے ساتھ سرفہرست ہے۔
دوسری فلم ’الدشاش‘ ہے جس نے جنوری میں باکس آفس پر 4.5 ملین ریال کی آمدنی حاصل کی۔ یہ فلم  موسم سرما میں ریلیز کے دوران مصری باکس آفس پر سرفہرست ہے۔ اب تک اس نے 61 ملین مصری پاؤنڈ سے زیادہ کی آمدنی حاصل کی ہے۔
تیسری فلم ’المستریحہ‘ نے باکس آفس پر 3.7 ملین ریال کمائے ہیں۔ چوتھی فلم ’سکر‘ ہے یہ امریکی مصنفہ جین ویبسٹر کے ناول پر مبنی میوزیکل فلم ہے جس نے 6 لاکھ 32 ہزار ریال کی آمدنی حاصل کی۔ یہ فلم عرب دنیا میں مقبولیت ریکارڈ بنا رہی ہے۔
سعودی فلم پروڈیوسر ایمن خوجہ نے کہا اپنےموضوعات کی وجہ سے مصری فلمیں سعودی عرب میں مقبولیت حاصل کررہی ہیں۔ مصری اداکار سعودی عرب میں آج بھی اسی طرح مقبول ہیں جیسے ماضی میں تھے۔ 

 

شیئر: