Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی عمرہ زائرین کے لیے پولیو سے بچاؤ کی ویکسین لازمی ہے: وزارت مذہبی امور کا انتباہ

سعودی عرب روانگی کے وقت ویکسینیشن کے عمل کو چھ ماہ سے زیادہ عرصہ نہیں ہونا چاہیے (فائل فوٹو: ایس پی اے)
پاکستان نے وزارت مذہبی امور نے خبردار کیا ہے کہ عمرہ زائرین سعودی عرب روانگی سے قبل پولیو ویکسین لازمی لگوائیں۔
وزارت مذہبی امور کے ترجمان کی جانب سے پیر کو ایک بیان میں عمرہ زائرین، عمرہ آپریٹرز اور ایئرلائنز کے دفاتر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا کہ ’سعودی ادارے جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن کے مراسلے کے مطابق پاکستان سے سعودی عرب روانہ ہونے والے عمرہ زائرین کے لیے پولیو سے بچاؤ کی ویکسین لازمی ہے۔‘
وزارت مذہبی امور نے ہدایت جاری کی کہ ’سعودی عرب روانگی سے کم از کم چار ہفتے قبل پولیو ویکسینیشن کے بعد سرٹیفکیٹ لازمی اپنے ہمراہ رکھیں۔‘
بیان میں واضح کیا گیا کہ ’سعودی عرب روانگی کے وقت ویکسینیشن کےعمل کو چھ ماہ سے زیادہ عرصہ نہیں ہونا چاہیے۔‘
’تمام عمرہ زائرین اور متعلقہ اداروں کو آگاہ کیا جاتا ہے کہ اس شرط پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے تاکہ تکلیف بشمول جہاز سے آف لوڈنگ سے بچا جا سکے۔‘
واضح رہے کہ پاکستان میں پولیس ویکسینیشن کے معاملے میں کوتاہی کی شکایات سامنے آئی ہیں اور مقامی میڈیا کے مطابق اس وجہ سے کچھ مسافروں کو جہاز سے آف لوڈ بھی کیا گیا ہے۔

شیئر: