ہلال الاحمر کی بروقت مداخلت سے مصری عمرہ زائر کی حرکت قلب بحال
جمعرات 23 جنوری 2025 18:06
طواف کعبہ کے دوران مصری عمرہ زائر بے ہوش ہو گیا تھا(فوٹو، ایکس )
ہلال الاحمر کی ٹیم نے بروقت طبی امداد کی فراہمی سے مصری عمرہ زائر کی حرکت قلب بحال ہو گئی۔ عمرہ زائر طواف کے دوران سینے میں شدید تکلیف کی وجہ سے بے ہوش ہو گیا تھا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق مسجد الحرام میں موجود ہلال الاحمر کے طبی یونٹ کو اطلاع ملی کہ ایک معمر عمرہ زائر طواف کے دوران بے ہوش ہو گیا۔
اطلاع ملتے ہی ہلال الاحمر کا امدادی یونٹ موقع پر پہنچ گیا۔ زائر کا ابتدائی طبی معائنہ کرنے پر معلوم ہوا کہ اسے شدید دل کا دورہ پڑا ہے جس کی وجہ سے اس کی سانس بھی بند ہو گئی تھی اور آکسیجن کی سپلائی رک جانے سے وہ بے ہوش ہوگیا۔
ہلال الاحمر کے اہلکاروں نے فوری طور پر اس مصنوعی نظام تنفس کے ذریعے اس کی سانس بحال کی جس سے حرکت قلب بھی بحال ہو گئی۔
مریض کی حالت قدرے بہتر ہونے پر اسے ایمبولینس کے ذریعے مکہ مکرمہ ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں اس کی حالت بہتر بتائی جارہی ہے۔