سہ ملکی ون ڈے سیریز کے فائنل میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو جیتنے کے لیے 243 رنز کا ہدف دے دیا۔
کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں جاری میچ میں ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کی پوری ٹیم 49.3 اوورز میں 242 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے محمد رضوان نے 46، سلمان آغا نے 45 اور طیب طاہر نے 38 رنز بنائے۔
مزید پڑھیں
نیوزی لینڈ کی جانب سے وِل او رُورک نے چار جبکہ مائیکل بریسویل اور مِچل سینٹنر نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستان کی اننگز
پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور بابر اعظم نے اننگز کا سست آغاز کیا اور دونوں بیٹرز کیوی بولرز کے سامنے کھل کر نہ کھیل سکے۔
پاکستان کو پہلا نقصان 16 کے مجموعی سکور پر ہوا جب فخر زمان وِل او رُورک کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کی دوسری وکٹ 46 رنز پر گری جب سعود شکیل 8 رنز بنا کر مائیکل بریسویل کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
سٹار بیٹر بابر اعظم بھی اپنی خراب فارم سے باہر نہ نکل سکے اور وہ 29 رنز بنا کر نیتھن سمتھ کا شکار بن گئے۔
چوتھی وکٹ کے لیے کپتان محمد رضوان اور آغا سلمان کے درمیان 120 گیندوں پر 82 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔
اس شراکت نے پاکستانی ٹیم کو مشکل وقت میں سہارا دیا اور ٹیم سکور میں اضافہ ہوتا گیا۔
نیوزی لینڈ کے لیے یہ شراکت داری مشکلات پیدا کر ہی رہی تھی کہ محمد رضوان 46 رنز بنا کر وِل او رُورک کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
![](/sites/default/files/pictures/February/42956/2025/jkhjhkhb.jpg)
اس کے بعد آغا سلمان بھی تھوڑی دیر بعد 45 کے انفرادی سکور پر مائیکل بریسویل کی گیند پر میدان چھوڑ گئے۔
پانچ کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد طیب طاہر نے تیز رفتاری سے بیٹنگ شروع کرنا شروع کی تاہم جیسے ہی وہ وکٹ پر سیٹ ہونے لگے تو اس دوران جیکب ڈفی نے انہیں 38 رنز پر آؤٹ کر دیا۔
طیب طاہر کے بعد خوشدل شاہ بھی اونچی شاٹ لگانے کی کوشش میں مچل سینٹنر کا شکار بن گئے۔
اس کے بعد شاہین آفریدی بھی تیز کھیلنے کی ناکام کوشش میں مچل سینٹنر کی وکٹ بن گئے۔
نویں وکٹ کے لیے فہیم اشرف اور نسیم شاہ کے درمیان 39 رنز کی پارنٹرشپ قائم ہوئی تاہم فہیم اشرف 22 رنز بنا کر وِل او رُورک کی میچ میں تیسری وکٹ بن گئے۔
پاکستان کی آخری وکٹ 242 رنز پر گری جب نسیم شاہ 19 رنز پر وِل او رُورک کی گیند پر اونچی شاٹ لگانے کی کوشش میں آوٹ ہوگئے۔
یہ میچ دونوں ٹیموں کا آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے قبل آخری میچ ہے۔
اس میچ میں پاکستانی ٹیم کی قیادت محمد رضوان جبکہ کیوی ٹیم کی کپتانی مچل سینٹنر کر رہے ہیں۔
![](/sites/default/files/pictures/February/42956/2025/jkhjkhhjkhhj.jpg)
اس سے قبل پاکستان نے سیریز کے تیسرے میچ میں جنوبی افریقہ کو چھ وکٹوں سے ہرا دیا تھا۔
اسی طرح نیوزی لینڈ نے سیریز کے پہلے اور دوسرے میچ میں بالترتیب پاکستان اور جنوبی افریقہ کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی تھی۔
خیال رہے کہ یہ تین ملکی ون ڈے سیریز آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے قبل تیاریوں کا حصہ ہے۔
اس میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے جس کے بعد فاسٹ بولر محمد حسنین کی جگہ آل راؤنڈر فہیم اشرف کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔
نیوزی لینڈ نے اپنی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں۔ اس میچ کے لیے میٹ ہینری اور بین سیئرز کی جگہ ٹیم میں جیکب ڈَفی اور نیتھن سمتھ کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون
اس میچ کے لیے پاکستان کی پلیئنگ الیون میں فخر زمان، بابر اعظم، سعود شکیل، محمد رضوان (کپتان، وکٹ کیپر)، سلمان علی آغا، طیب طاہر، خوشدل شاہ، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور ابرار احمد کو شامل کیا گیا ہے۔
نیوزی لینڈ کی پلیئنگ الیون
اس میچ کے لیے نیوزی لینڈ کی پلیئنگ الیون میں وِل ینگ، ڈیوون کونوے، کین ولیمسن، ڈیرل مِچل، ٹام لیتھم (وکٹ کیپر)، گلین فلپس، مائیکل بریسویل، مِچل سینٹنر(کپتان)، نیتھن سمتھ، جیکب ڈفی اور وِل او رورک شامل ہیں۔