Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ میں جاپانی آرٹ نمائش ’مانجا ہوکوسائی مانجا‘ کا آغاز

19ویں صدی کےجاپانی آرٹسٹ کتسوشیکا ہوکوسائی کے فن پارے رکھے گئے ہیں۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی عرب اور جاپان کے 70 سالہ سفارتی تعلقات کے سلسلے میں جدہ میں جاپانی قونصل خانے نے ’مانجا ہوکوسائی مانجا‘ کے عنوان سے تین ہفتے کی آرٹ نمائش کا اعلان کیا۔
عرب نیوز کے مطابق یہ آرٹ نمائش جدہ میں تاریخی ترقیاتی منصوبے اور جاپان فاؤنڈیشن کے تعاون سے منعقد کی گئی ہے جو 8 مارچ تک جاری رہے گی۔
آرٹ نمائش میں 19ویں صدی کے یوکیو-ای ماسٹر کتسوشیکا ہوکوسائی کے فن سے لے کر سعودی عرب میں بے حد مقبولیت حاصل کرنے والی جدید مانجا آرٹ کا اہتمام کیا گیا ہے۔
آرٹ نمائش جدہ کے تاریخی علاقے البلد میں واقع بیت امیر بحر میں منعقد ہو رہی ہے، جہاں جاپانی کہانی نویسی کی ثقافتی گہرائی کو پیش کیا گیا ہے اور مختلف فنکارانہ  انداز اور مشابہتوں کو اجاگر کیا گیا ہے۔
آرٹ نمائش میں زائرین کو معروف جاپانی آرٹسٹ کتسوشیکا ہوکوسائی کی بصری کہانی نویسی، فنکارانہ تکنیک اور مختلف ادوار میں ثقافتی شرکت جیسے موضوعات اور مانجا دونوں کے انداز کا موازنہ کرنے اور ان کی انفرادیت سمجھنے کی موقع میسر آئے گا۔
کتسوشیکا ہوکوسائی کی منفرد نوعیت کی مانجا ڈرائنگز کہیں کہیں کارٹونز سے مشابہت رکھتی ہیں لیکن ان میں فطرت، انسانی تاثرات اور روزمرہ کی زندگی جیسے وسیع موضوعات شامل ہوتے ہیں۔

نمائش میں مختلف فنکارانہ  انداز اور مشابہتوں کو اجاگر کیا گیا ہے۔ فوٹو عرب نیوز

جدید کامکس کے برعکس، ان کا مرکز مزاح نہیں تھا بلکہ فنکارانہ تربیت اور تفریح کے درمیان توازن قائم کیا گیا تھا، بالکل اسی طرح جیسے آج کی مانگا کہانی نویسی اور بصری فنون کو یکجا کرتی ہے۔
ہوکوسائی نے اپنی مانجا لکڑی کے بلاک پرنٹنگ کے ذریعے تخلیق کی جس میں تصاویر کو تین بنیادی رنگوں ہلکے پیچ، سرمئی اور کالے رنگ سے واضح کیا گیا،15 جلدوں پر مشتمل ان کیکلیکشن 1814 سے 1878 کے درمیان شائع ہوئی جس میں تقریباً 800 صفحات پر4000 سے زائد تصویریں موجود تھیں۔

جاپانی آرٹسٹ ہوکوسائی کی تصویری کلیکشن کو ’مانجا‘ کا نام دیا گیا تھا۔ فوٹو عرب نیوز

جدہ میں جاپان کے قونصل جنرل دائیسوکے یاماموتو نے ہوکوسائی کو جاپان کے عظیم ترین فنکاروں میں شمار کیا اور کہا ہے ’فنکار نے مختلف موضوعات اور کمپوزیشن میں جدت کے ذریعے روایتی پرنٹ اسلوب کو جدیدیت دی ہے۔
قونصل جنرل نے کہا جاپانی آرٹسٹ ہوکوسائی نے اپنی تصویروں کی مدد سے فن سے محبت کرنے والوں کا رجحان قدرتی مناظر اور بدلتے موسموں کی طرف منتقل کر دیا۔

ہوکوسائی نے اپنی مانجا لکڑی کے بلاک پرنٹنگ کے ذریعے تخلیق کی۔ فوٹو عرب نیوز

ہوکوسائی کے پرنٹ ڈیزائن دیکھنے والوں کو فطرت کا مشاہدہ کرنے کی دعوت دیتے ہیں جیسے ہوا میں پرواز کرتے پرندے، کھلتے ہوئے پھول اور بہتا پانی۔
معروف جاپانی آرٹسٹ ہوکوسائی کی سب سے مشہور تصویری کلیکشن کو ’مانجا‘ کا نام دیا گیا تھا۔ یہ کلیکشن بنیادی طور پر اپنے خاص موضوعات اور مصوری کے انداز کے لیے مشہور ہے لیکن اکثر ناظرین ’مانجا‘ کو کارٹون یا مزاحیہ تصاویر کے طور پر دیکھتے ہیں۔
 

 

شیئر: