Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب اور جاپان کے درمیان ثقافتی و اقتصادی تعاون کے نئے مواقع

مقامی سطح پرتعلقات بڑھانے، ایکسپو میں ثقافت کو فروغ دینے کا بہترین وقت ہے۔ فوٹو عرب نیوز
جاپان کی اوساکا سٹی کونسل  کے اراکین نے حالیہ دنوں ریاض کے دورے کے موقع پر جاپان اور سعودی عرب کے درمیان ثقافتی اور اقتصادی تعاون  کے مواقع بڑھانے پر گفتگو کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اوساکا ایکسپو 2025 اور ریاض ایکسپو 2030  کے پیش نظردونوں ممالک ورلڈ ایکسپو کی میزبانی کی تیاری کر رہے ہیں۔
اس دورے میں علم و مہارت کے تبادلے، مشترکہ ترقی اور سافٹ پاور کے ذریعے بین الاقوامی تعلقات کو فروغ دینے پر بات چیت کی گئی۔
اوساکا سٹی کونسل اور ایکسپو 2025 کی خصوصی کمیٹی کی رکن ہیرو می فُوچیکامی نے دورے کے موقع پر عالمی سطح کی تقریب کے ذریعے تعلقات مضبوط کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
ہیرو می فُوچیکامی نے عرب نیوز جاپان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ’سعودی عرب اور جاپان کے درمیان مقامی سطح پر تعلقات بڑھانے اور حکومتی تعاون سے آگے بڑھ کر بامعنی تبادلے کو فروغ دینے کا یہ بہترین وقت ہے۔
کمیٹی کی رکن نے مزید کہا ’ایکسپو 2025 اوساکا میں پائیدار طرز زندگی اور جدید شہری منصوبہ بندی کی نمائش کا مقصد مستقبل کے مضبوط شہرکا تصور ہے جب کہ ایکسپو 2030 ریاض کا مقصد مشرق وسطیٰ کو عالمی ثقافت کا مرکز بنانے کی جانب مثبت قدم ہے۔
فُوچیکامی نے کہا ’ جاپان اور سعودی عرب ثقافتی سفارت کاری کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہیں،مملکت میں جاپانی ثقافت خاص طور پر اینیمے کی مقبولیت، نرم سفارتکاری کی عمدہ مثال ہے۔

دونوں ممالک ورلڈ ایکسپو کی میزبانی کی تیاری کر رہے ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

سعودی مانجا پروڈکشنز کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا جاپانی تخلیق کاروں  کے ساتھ مل کر اس منصوبے پر کام کامیاب بین الثقافتی ماڈل ہے۔
فُوچیکامی نے اقتصادی تعاون میں حائل چیلنجز کی نشاندہی کرتے ہوئے بتایا اس میں اوساکا میں مملکت کے ریجنل آفس کی عدم موجودگی بھی شامل ہے۔
سرمایہ کاری کے مواقع کو مستحکم کرنے کے لیے انہوں نے اوساکا کی مخصوص صنعتوں، خاص طور پر چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کی کم نمائندگی کا ذکر کیا۔
سٹی کونسل  کی رکن نے مزید کہا اس طرح کے مخصوص صنعتیں جاپان کی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں لیکن اکثر ٹوکیو کی بڑی کمپنیوں کے زیر سایہ ہیں۔

ایکسپو 2030 ریاض کا مقصد مشرق وسطیٰ کو عالمی ثقافت کا مرکز بنانا ہے۔ فوٹو عرب نیوز

رواں سال سفارتی تعلقات کے 70 سال مکمل ہونے کی مناسبت سے فُوچیکامی  نے سعودی عرب اور جاپان کے درمیان ممکنہ تعاون پر امید کا اظہار کیا۔
70 سالہ سفارتی تعلقات کے  موقع پر ثقافتی تقریبات اور اینیمے سے متاثرہ سرگرمیوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جو دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم کرے گا۔
فوچیکامی نے سعودی عرب کی قیادت پر اعتماد ظاہر کرتے ہوئے کہا ’ایکسپو 2030 شاندار اور تاریخی ایونٹ کے طور پر منعقد ہو گا، کم وقت کے باوجود سعودی قیادت نے ثابت کیا ہے کہ ریاض عالمی مرکز بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔
 

 

شیئر: