Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لائیو: کوئٹہ میں پولیس پر حملے میں دواہلکار ہلاک، جوابی کارروائی میں چار حملہ آور مارے گئے

یہ پیچ مزید اپڈیٹ نہیں کیا جا رہا۔

اہم نکات

  • پیکا ایکٹ کے تحت لاہور میں ’نامعلوم شرپسندوں‘ پر تین مقدمات

  • اسلام آباد ہائیکورٹ کے پانچ ججز کا سپریم کورٹ سے رجوع

  • ملک بھر میں غیرقانونی بین الاقوامی سموں کے خلاف کارروائی

  • بارش کے باعث موٹروے اور ایکسپریس وے پر حادثات میں ہلاکتیں 

  • پرویز الہٰی کی عدالت میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر


کوئٹہ کے نواحی علاقے شعبان میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار جان سے گئے اور دو زخمی ہوگئے۔
کوئٹہ پولیس کے مطابق زخمیوں میں پولیس سپاہی اور ایک محکمہ جنگلات کا اہلکار شامل ہے۔ حملے کے بعد پولیس نے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔
، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ سعد بن اسد کے مطابق شعبان حملے کے بعد پولیس اور سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں چار حملہ آور بھی مارے گئے۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کوئٹہ کے نواحی علاقے شعبان میں پولیس چیک پوسٹ پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کی ہے۔
سرفراز بگٹی کے مطابق پولیس اہلکاروں پر حملہ بزدلانہ کارروائی ہے۔
’ہمارے دو بہادر پولیس اہلکاروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔‘

پی آئی اے کی کینیڈا سے پاکستان کے لیے پروازوں پر خصوصی رعایت کا اعلان

پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) نے کینیڈا سے پاکستان کی پروازوں پر خصوصی رعایت کا اعلان کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس پاکستان کے مطابق پی آئی اے حکام نے کینیڈا سے پاکستان جانے والی پی آئی اے کی پروازوں پر 15 فیصد رعایت دی ہے۔
حکام نے کہا کہ یہ رعایت محدود مدت کے لیے ہے۔ ’مسافر اس پیشکش سے استفادہ کریں اور پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کی آرام دہ اور رعایتی سفری سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے اپنی آن لائن ٹکٹ بک کرائیں۔‘

وفاقی حکومت نے آئی سی سی کو انکم ٹیکس سے استثنیٰ دے دیا
وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے آئی سی سی کو انکم ٹیکس سے استثنیٰ دینے کی منظوری دے دی ہے۔
جمرات کو وزارت خزانہ کی طرف سے جاری پریس ریلز کے مطابق استثنیٰ عالمی ایونٹس کی میزبانی کے عالمی اصولوں کے عین مطابق ہے۔
حکومت اور آئی سی سی کے مابین معاہدے کے تحت عالمی کرکٹ کونسل پر کسی قسم کا انکم ٹیکس عائد نہیں کیا جائے گا۔
پاکستان کرکٹ کونسل پر انکم ٹیکس پاکستانی قوانین کے مطابق عائد ہو گا۔ سیلز ٹیکس اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی سے بھی کسی قسم کا استثنیٰ نہیں ہو گا۔ 

پاکستان کے زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر تقریباً 16 ہزار ملین ڈالر

پاکستان کے زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر 14 فروری 2025 کو 15,947.9 ملین ڈالر تھے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق اس کی تحویل میں زرمبادلہ ذخائر 11,201.5 ملین ڈالر ہیں، جبکہ کمرشل بینکوں کی تحویل میں زرِمبادلہ کے ذخائر 4,746.4 ملین ڈالر ہیں۔ اور زر مبادلہ کے مجموعی ذخائر: 15,947.9 ملین ڈالر ہیں۔
14 فروری 2025 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران سٹیٹ بینک کے ذخائر 35 ملین ڈالر اضافے سے 11,201.5 ملین ڈالر ہو گئے۔

بیرون ملک پاکستانیوں کا ترسیلات زر بھجوانے میں اہم کردار ہے، وزیر اطلاعات

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ معیشت میں واضح بہتری آ رہی ہے، معاشی اشاریے بہتر ہو رہے ہیں۔
جمعرات کو سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض سے جاری کیے گئے ایک ویڈیو بیان میں اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان ترقی کی نئی منازل طے کر رہا ہے، ترسیلات زر میں 32 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کا ترسیلات زر بھجوانے میں اہم کردار ہے۔
’ایک طرف بیرون ملک پاکستانی ذمہ دارانہ کردار ادا کر رہے ہیں اور دوسری جانب شرپسند ٹولہ پاکستان سے دشمنی کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتا۔‘

بلوچستان کابینہ کی صوبے کی زمین کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کرنے کی منظوری

بلوچستان کے وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ نے ڈیجیٹل لینڈ سیٹلمنٹ کی منظوری دے دی ہے۔
بلوچستان کابینہ کی منظوری کے بعد اب صوبے کی زمین کا تمام ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ ہوگا۔
کوئٹہ میں وزیراعلٰی ہاؤس سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق کچھی کینال کی زرعی پیداوار پر زمینداروں کو صوبائی ٹیکس میں ریلیف  دینے  پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔
بلوچستان ڈسپوزل آف موٹر وہیکلز رولز 2025 کی منظوری دی گئی جبکہ سیلاب سے متاثرہ کیڈٹ کالج جعفر آباد کی بحالی کے لیے اضافی گرانٹ جاری کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے پانچ ججز کا سپریم کورٹ سے رجوع

اسلام آباد ہائیکورٹ کے پانچ ججز نے سینیارٹی کے معاملے پر سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے۔ 49 صفحات پر مشتمل یہ درخواست معروف قانون دانوں منیر اے ملک اور بیرسٹر صلاح الدین کے ذریعے آئین کے آرٹیکل 184(3) کے تحت دائر کی گئی ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ صدر مملکت کو آرٹیکل 200(1) کے تحت ججز کے تبادلے کے لامحدود اختیارات حاصل نہیں اور کسی بھی جج کا تبادلہ صرف مفاد عامہ کی بنیاد پر کیا جا سکتا ہے۔ درخواست گزاروں نے مؤقف اپنایا ہے کہ آرٹیکل 200 محض عارضی تبادلوں سے متعلق ہے، جبکہ حالیہ ٹرانسفر نوٹیفکیشن، سینیارٹی لسٹ اور متعلقہ فیصلے اس آرٹیکل کی خلاف ورزی ہیں۔

پی ٹی آئی کے 120 سے زائد کارکنوں کی ضمانتیں منظور

اسلام آباد ہائیکورٹ نے 26 نومبر کے احتجاج کے دوران گرفتار کیے گئے تحریک انصاف کے 120 سے زائد کارکنوں کی ضمانتیں منظور کر لی  ہیں۔
جمعرات کو قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل ڈویژن بینچ نے ضمانتوں کی درخواستیں منظور کیں۔
اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالتوں نے ان کارکنوں کی ضمانتوں کی درخواستیں مسترد کی تھیں جن کے خلاف ہائیکورٹ سے رجوع کیا گیا تھا۔

ہائر ایجوکیشن کمیشن کے لیے 36 ارب روپے جاری

وزارت منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات نے سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگراموں میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے اب تک 36 ارب 66 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کیے جن میں سے13ارب 25 کروڑ روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق حکومت نے رواں مالی سال کے دوران ایچ ای سی کے ترقیاتی کاموں کے لیے 61 ارب 11 کروڑ روپے سے زیادہ کے فنڈز مختص کیے ہیں جن میں سے36 ارب 66 کروڑ روپے جاری جبکہ 13 ارب 25 کروڑ روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔

لاہور میں نامعلوم شرپسندوں کے خلاف مقدمات

پاکستان میں سوشل میڈیا پر حکومتی محکموں کے خلاف الزام تراشی کی روک تھام کے لیے لائے گئے قانون پیکا ایکٹ کے تحت لاہور میں تین مقدمے درج کیے گئے ہیں۔
یہ مقدمات لاہور کے کوٹ لکھپت اور شاہدرہ ٹاؤن تھانوں میں درج کیے گئے ہیں۔
تینوں مقدمات کے اندراج کی درخواستیں دینے والوں نے خود کو محب وطن پاکستانی شہری کے طور پر متعارف کرایا ہے جبکہ جن کو بطورِ ملزم نامزد کیا ہے اُن کو ’نامعلوم شرپسند عناصر‘ قرار دیا ہے۔
مقدمات درج کرانے والوں نے الزام عائد کیا ہے کہ اُن کو سوشل میڈیا پر ’وزیراعلی پنجاب اور اداروں کے خلاف ویڈیوزنظر آئی ہیں۔

ہزاروں غیرقانونی بین الاقوامی سمیں ضبط، دکاندار گرفتار

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے کہا ہے کہ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے اشتراک سے غیرقانونی بین الاقوامی سموں کے خلاف کارروائی جاری ہے۔
جمعرات کو اسلام آباد میں پی ٹی اے کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ کے ساتھ مل کر ملتان، لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، راولپنڈی اور کراچی میں کامیاب چھاپے مارے، اور ہزاروں کی تعداد میں غیر قانونی، پری ایکٹیویٹڈ بین الاقوامی سمیں قبضے میں لی گئیں۔
بیان کے مطابق ملتان میں پانچ چھاپوں کے دوران 7,064 سمیں برآمد کر کے آٹھ افراد کو گرفتار، لاہور اور گوجرانوالہ میں مجموعی طور پر 252 سمیں قبضے میں لے کر دونوں دکاندار موقع پر ہی گرفتار کر لیے گئے۔ راولپنڈی میں متعدد غیر قانونی سمیں  برآمد ہوئیں، جن میں حالیہ کارروائیوں کے دوران 335 یو کے سمز بھی شامل ہیں۔ کراچی میں 10 سمز برآمد ہوئیں اور دکانداروں کو بھی گرفتار کیا گیا۔

بحرین کے جنرل شیخ عبدالعزیز کی جنرل ساحر شمشاد سے ملاقات

بحرین کے نیشنل گارڈ کے چیف آف سٹاف لیفٹیننٹ جنرل شیخ عبدالعزیز سعود مبارک الخلیفہ نے پاکستان کے جائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی کے چیئرمین جنرل ساحر شمشاد مرزا سے ملاقات کی ہے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق جمعرات کو راولپنڈی کے جائنٹ سٹاف ہیڈکوارٹر میں ہونے والی اس ملاقات میں علاقائی سکیورٹی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔
مہمان لیفٹیننٹ جنرل نے پاکستانی فوج کی پروفیشنلزم کی تعریف کی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اس کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

بارش کے باعث مختلف حادثات میں ہلاکتیں

موٹروے پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایم 4 موٹروے پر ملتان کے قریب  بس حادثے میں دو مسافر ہلاک جبکہ دو شدید زخمی ہو گئے۔
ترجمان نے بتایا کہ کراچی سے سوات جانے والی مسافر بس آگے جانے والے ٹریلر سے ٹکرا گئی۔ موٹروے پولیس نے جائے حادثہ پر امدادی کارروائی کرتے ہوئے زخمی افراد کو ہسپتال منتقل کروایا۔
ایک الگ ٹریفک حادثے میں مانسہرہ ایکسپریس وے پر مسافر کوسٹر اُلٹنے سے ڈرائیور کی موت واقع ہو گئی جبکہ چھ افراد زخمی ہوئے۔
ادھر لاہور میں ریسکیو سروس نے اطلاع دی ہے کہ چھت گرنے سے جٹ چوک ٹھوکر بیاز بیگ میں ایک خاتون کی جان چلی گئی۔

اصلاحات سے ٹیکس وصولیوں میں اضافہ ہوا، وزیر خزانہ

پاکستان کے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت معیشت کے تمام شعبوں میں بنیادی اصلاحات کر رہی ہے۔ اصلاحات سے ٹیکس وصولیوں میں اضافہ ہوا ہے۔
جمعرات کو اسلام آباد میں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی ٹیم معاشی اصلاحات کے لیے پُرعزم ہے۔
’رائٹ سائزنگ کے لیے مکمل پلان تیار کیا ہے۔ محکموں کے تمام معاملات دیکھ کر ہی رائٹ سائزنگ کی جائے گی۔‘
انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت درست سمت میں جا رہی ہے۔ حکومتی اخراجات میں کمی کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، اپنے معاشی اہداف کا مکمل ادراک ہے۔
’پالیسی ریٹ میں مسلسل کمی ہو رہی ہے جس سے سرمایہ کاروں کو فائدہ ہو رہا ہے۔ ملک بے جا مراعات کا متحمل نہیں ہو سکتا۔‘

پرویز الہٰی عدالت میں پیش نہ ہوئے

لاہور کی سپیشل سینٹرل کورٹ میں پرویز الٰہی اور دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ کے مقدمہ کی سماعت ہوئی۔
جمعرات کی صبح چوہدری پرویز الٰہی عدالت میں پیش نہ ہوئے اور اُن کے وکیل نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی۔
عدالت کو درخواست میں بتایا گیا کہ چوہدری پرویز الٰہی چل نہیں سکتے، ڈاکٹر نے انہیں بیڈ ریسٹ کا مشورہ دے رکھا ہے۔

شیئر: