Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لائیو: سولر پر ٹیکس لگانے کا کوئی ارادہ نہیں، وفاقی وزیر توانائی

اہم نکات

  • حکومت کا سولر پر ٹیکس لگانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، وفاقی وزیر توانائی
  • آذربائیجان اپریل میں پاکستان میں دو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط کرے گا
  • پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے متعدد معاہدوں پر دستخط
  • پاکستان بار کونسل کے نمائندے اختر حسین جوڈیشل کمیشن کی رکنیت سے مستعفی
  • چیمپئنز ٹرافی کا میچ، لا اینڈ آرڈر کے پیش نظر سری نگر ہائی وے بند

وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ سولر پر ٹیکس لگانے کا پہلے ارادہ تھا نہ کوئی آگے ہے۔
پیر کو سینیٹ کی توانائی کمیٹی کے اجلاس میں بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ آئی پی پیز کا ایک بھوت سوار تھا جسے بہت اچھے سے ہینڈل کر رہے ہیں۔ مستقبل میں بجلی کی قیمتوں میں مزید کمی آ سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ رمضان میں چوری والے فیڈرز پر بھی سحر و افطار میں بجلی مہیا کریں گے۔ آج ہی رمضان میں بجلی کی دستیابی کی ہدایات جاری کر دوں گا۔

گالیاں عمران ریاض کو نہیں کسی اور شخص کو دی تھیں: وزیراعلٰی خیبر پختونخوا

وزیراعلٰی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ ’گالیوں کے حوالے سے میری جو ویڈیو وائرل ہوئی اس میں عمران ریاض خان کا نام ایڈٹ کیا گیا ہے، باقی گالیاں میں نے دی ہیں لیکن کسی اور شخص کو دی ہیں اور وہ اس کا حقدار تھا۔‘
پیر کو میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ اڈیالہ جیل کے باہر کیمپ لگا تو عمران خان کے حکم کے مطابق خیبر پختونخوا سے بھی لوگ آئیں گے، ہم ان کی ہدایات کے پابند ہیں۔
وزیراعلٰی خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کا حصہ بننے کی پارٹی نے ہدایت کی تو پارٹی ہدایات کا پابند ہوں۔

آذربائیجان اپریل میں پاکستان میں دو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط کرے گا

آذربائیجان رواں برس اپریل میں پاکستان میں مختلف منصوبوں میں دو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط کرے گا۔
آذربائیجان کے دو روزہ سرکاری دورے پر موجود وزیراعظم شہباز شریف نے پیر کو صدر الہام علیوف سے زوولبا صدارتی محل میں ملاقات کی جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش گیا۔
ملاقات کے بعد دونوں رہنماؤں نے پریس کانفرنس کی۔
آذربائیجان کے صدر نے کہا کہ ’میں نے گذشتہ برس اپنے سرکاری دورے کے دوران پاکستان میں دو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا تھا اور کچھ مہینے قبل پاکستان کی جانب سے ہمیں ایک ٹھوس منصوبہ پیش کیا گیا۔ آذربائیجان کے حکام اس کا جائزہ لے رہے ہیں اور ہم اپریل میں اس حوالے سے دستاویزات پر دستخط کریں گے۔‘
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’ہم آپ کے اپریل میں دوبارہ اسلام آباد آ کر دو ارب ڈالر کے ان معاہدوں پر دستخط کرنے کے منتظر ہیں۔‘

پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے متعدد معاہدوں پر دستخط

پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان تیل و گیس، زراعت، ماحول کے تحفظ، سیاحت، تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے متعدد معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔
اے پی پی کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور آذربائیجان کے صدر الہام علیوف بھی معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط اور ان کے تبادلوں کی تقریب میں موجود تھے۔
دونوں ممالک کے متعلقہ اداروں کے حکام نے معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط اور ان کا تبادلہ کیا۔

طورخم بارڈر تین دنوں سے بند، لوگوں کو مشکلات

پاکستان اور افغانستان کا طورخم بارڈر گذشتہ تین دنوں سے ہر قسم کی آمدورفت کے لیے بند ہے جس کے باعث دونوں ممالک کا سفر کرنے والے افراد اور تاجروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
دونوں ممالک کی سکیورٹی فورسز کے درمیان تنازع اس وقت پیدا ہوا جب تین روز قبل افغان فورسز نے ایک متنازع جگہ پر ایک سیکورٹی چیک پوسٹ قائم کرنے کی کوشش کی جس پر پاکستان کی سرحدی فورسز نے شدید ردعمل کا اظہار کیا اور واضح کیا کہ مذکورہ چیک پوسٹ کے قیام کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
اس معاملے پر کشیدگی میں اضافہ ہوا جس کے بعد طورخم بارڈر کو بند کر دیا گیا۔

پی ٹی اے کا وی پی این سروس فراہم کنندگان کو کلاس لائسنس کا اجرا

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے پاکستان میں ڈیٹا سروسز کی فراہمی کے ضمن میں کلاس لائسنس کے تحت ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک (وی پی این) سروس فراہم کنندگان کی لائسنسنگ کا آغاز کر دیا ہے۔
پیر کو پی ٹی اے کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق اس عمل کے پیش نظر، پی ٹی اے کی جانب سے دو کمپنیوں کی درخواستیں وی پی این سروسز کے ضمن میں کلاس لائسنس کے اجرا کے لیے منظور کر دی گئی ہیں۔
یہ اقدام کاروباری اداروں کو وی پی این کے قانونی استعمال کی سہولت فراہم کرتا ہے، جس سے ڈیٹا کی سکیورٹی، پرائیویسی اور قواعد و ضوابط پر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکتا ہے، جبکہ شفافیت کو بھی فروغ ملے گا۔

حکومت پائیدار ترقی کے لیے بنیادی اصلاحات کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے: وزیر خزانہ

وفاقی وزیر خزانہ و سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت پائیدار ترقی کے لیے بنیادی اصلاحات کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔
اے پی پی کے مطابق پیر کو پاکستان بینکنگ سمٹ 2025 سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان بینکنگ سمٹ 2025 کا انعقاد اہمیت کا حامل ہے، بینکنگ سیکٹر کا قومی معیشت میں اہم کردار ہے، بینکنگ سیکٹر نے ٹیکس ادائیگی میں تیل و گیس کے شعبے کو پیچھے چھوڑ دیا، ہم نے حکومت کو 30 ارب روپے جمع کر کے دیے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ بینکنگ سیکٹر ملک میں دستاویزی معیشت کے فارمولے پر کام کرتا ہے، ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، حکومت پائیدار معاشی استحکام کے لیے بنیادی اصلاحات کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔

شوگراں میں برف باری کے باعث راستہ بھٹکنے والے دو غیرملکی سیاح ریسکیو

صوبہ خیبر پختونخوا کے سیاحتی مقام شوگراں میں شدید برف باری کے باعث راستہ بھٹکنے والے غیرملکی سیاحوں کو مانسہرہ پولیس نے 19 گھنٹے کے لگاتار سرچ آپریشن کے بعد ریسکیو کر لیا۔
شدید برفباری اور خراب موسم کے باعث دو غیرملکی سیاحوں کا پولیس سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا جس کے بعد اہلکاروں نے اعلیٰ حکام کو فوراً اطلاع دی۔
ڈی پی او مانسہرہ نے بذات خود شوگراں میں سرچ آپریشن میں حصہ لیا اور ان کی قیادت میں مانسہرہ پولیس، اسسٹینٹ کمشنر بالاکوٹ، کاغان ڈیویلپمنٹ اتھارٹی، ٹوریزم پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ ریسکیو آپریشن کیا۔
سخت موسمی حالات کے باوجود 19 گھنٹوں کی مسلسل کوشش کے بعد غیرملکی سیاحوں کو بحفاظت شوگراں پہنچا دیا گیا۔ ڈی پی او مانسہرہ نے ذاتی طور پر سیاحوں کے ہمراہ سفر کرتے ہوئے انہیں محفوظ مقام تک پہنچایا۔ 

’عدالتی تقرریوں سے متعلق تنازعات‘، اختر حسین جوڈیشل کمیشن کی رکنیت سے مستعفی

پاکستان بار کونسل کے نمائندے اختر حسین جوڈیشل کمیشن کی رکنیت سے مستعفی ہو گئے ہیں۔
پیر کو انہوں نے اپنے استعفے میں کہا کہ ’حالیہ عدالتی تقرریوں سے متعلق تنازعات کی بنا پر میں مزید کام جاری نہیں رکھ سکتا، میں جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کی رکنیت سے مستعفی ہوتا ہوں۔‘
’اپنے اس استعفیٰ کی نقل پاکستان بار کونسل کو ارسال کر رہا ہوں تاکہ آئین پاکستان 1973 کے تحت میری جگہ نیا نامزد رکن مقرر کیا جا سکے۔‘

لا اینڈ آرڈر کے پیش نظر سری نگر ہائی وے بند

اسلام آباد ٹریفک پولیس نے کہا ہے کہ لا اینڈ آرڈر کے پیش نظر سری نگر ہائی وے زیرو پوائنٹ سے سرینہ ہوٹل روڈ دونوں اطراف سے تا حکم ثانی ٹریفک کے لیے بند ہو گی۔ 
اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے پیر کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق ریڈ زون کے باقی تمام داخلی و خارجی راستے کھلے ہوں گے۔
’فیض آباد سے آنے والے جناح ایونیو استعمال کریں۔ کلب روڈ سے آبپارہ اور ریڈ زون والی ٹریفک فیض آباد لوپ کا استعمال کرتے ہوئے جناح ایونیو انڈر پاس سے مارگلہ روڈ استعمال کریں۔‘
بیان کے مطابق ’بہارہ کہو سے آنے والی ٹریفک کلب روڈ، فیض آباد ایکسپریس ہائی وے کا استعمال کریں۔ آبپارہ سے بہارہ کہو جانے والی ٹریفک شکر پڑیاں روڈ استعمال کریں۔‘
خیال رہے کہ آج راوپلنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں چیمپئنز ٹرافی کے گروپ اے کا میچ نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائے گا۔

’آئی ایم ایف کی قسط لینا آسان، ٹیم کا اگلے مرحلہ میں جانا مشکل ہو گیا‘

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی انڈیا کے ہاتھوں شکست پر کہا ہے کہ ’آئی ایم ایف کی قسط لینا آسان، ٹیم کا اگلے مرحلہ میں جانا مشکل ہو گیا۔‘
انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ ’بیٹنگ لائن لڑکھڑائی، بولر کپکپائے، یہ دیکھ کر سارہ مزہ کر کرا ہو گیا۔ چیئرمین پی سی بی نے جیسے سٹیڈیم بنائے ویسی ٹیم بھی بناتے۔‘
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ بہت خوشی ہوتی اگر ٹیم میچ جیتتی تو ایک کروڑ روپے انعام دیتا۔ گورنر ہاؤس میں جیسے ارشد ندیم پر انعامات کی بارش ہوئی، وہ تاریخ دہراتا۔

شیئر: