Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ممبئی کی سڑکوں پر روہت شرما کی لمبرگینی، نمبر پلیٹ خاص کیوں؟

روہت شرما کو ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کی سب سے بڑی اننگز کھیلنے کا اعزاز حاصل ہے۔ فائل فوٹو: انڈین میڈیا
مسلسل ایک سال تک کرکٹ کھیلنے والے ٹیم انڈیا کے بہت سے کھلاڑی اِن دنوں چھٹیاں گزار رہے ہیں اور شہری زندگی کا لُطف لے رہے ہیں۔
ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق رواں برس کا آغاز انڈین ٹیم کا افغانستان کے مقابلے میں ٹی20 سیریز سے ہوا تھا، اس کے بعد انگلینڈ کے خلاف پانچ ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلی گئی۔
اس دوران انڈین پریمیئر لیگ شروع ہو گئی جو مئی تک چلتی رہی۔ آئی پی ایل کے اختتام کے پانچ دن بعد انڈین کھلاڑیوں نے روہت شرما کی کپتانی میں ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے تیاری شروع کی۔ اور پھر کپ جیت کر ملک واپس آئے۔
ورلڈ کپ کے بعد ایک مختصر وقفہ لیا گیا اور پھر شھبمن گل کی قیادت میں ٹیم نے زمبابوے کا دورہ کیا۔ ٹیم کے سینیئر کھلاڑیوں کی سری لنکا کے خلاف ایک روزہ میچز کی سیریز کے لیے واپسی ہوئی۔
رواں ماہ کے آغاز میں اس سیریز کے اختتام کے بعد اب انڈین کھلاڑی آرام کر رہے ہیں اور ایک ماہ کی چھٹیاں ہیں جس دوران کوئی سیریز شیڈول نہیں۔
انڈین کرکٹ ٹیم کی اگلی اسائنمنٹ اب دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز ہے جو بنگلہ دیش کے خلاف اگلے ماہ کی 19 تاریخ سے شروع ہوگی۔
اور ان ایک ماہ کی چھٹیوں میں جہاں دوسرے کھلاڑی سیرو وسیاحت یا دیگر سرگرمیوں میں مصروف ہیں وہیں ٹی20 کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے والے کپتان روہت شرما بھی اپنی قیمتی کار لمبرگینی دوڑاتے نظر آئے ہیں۔
روہت شرما کے مداحوں نے اُن کو لمبرگینی میں ممبئی کی سڑکوں پر دیکھا مگر جس چیز نے اُن کی توجہ حاصل کی وہ کار کا نمبر پلیٹ 0264 تھا۔
یہ نمبر پلیٹ اس لیے خاص ہے کہ روہت شرما کی ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے بڑی اننگز کی یاد دلاتی ہے جب سنہ 2014 میں انہوں نے سری لنکا کے خلاف 264 رنز سکور کیے تھے۔
یہ ایک روزہ کرکٹ میں کسی بھی بلے باز کا ایک اننگز میں سب سے بڑا انفرادی سکور ہے۔
روہت شرما نے اس اننگز میں صرف 173 گیندیں کھیلیں۔ اور صرف ایک برس قبل ہی اُن کو بطور اوپننگ بلے باز کھلائے جانے کی شروعات کی گئی تھیں۔
اس اننگز میں انڈیا کی ٹیم نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر ریکارڈ 404 رنز سکور کیے اور سری لنکن ٹیم کو 153 رنز سے شکست دی تھی۔
انڈین ٹیم نے دو ماہ قبل ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل میں جنوبی افریقہ کو شکست دی تھی اور فائنل میں روہت شرما نے اپنی بلے بازی کے جوہر دکھائے تھے۔

شیئر: