Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روہت شرما کی جگہ سوریا کمار یادیو انڈیا کی ٹی20 ٹیم کے نئے کپتان مقرر

سوریا کمار یادیو 2023 میں بھی ٹیم انڈیا کی قیادت کر چکے ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے ٹی20 فارمیٹ کے لیے سوریا کمار یادیو کو ٹیم کا نیا کپتان نامزد کردیا ہے۔ ٹی20 ورلڈ کپ کے بعد سے ہاردک پانڈیا کو انڈین ٹیم کا کپتان بنائے جانے کی خبریں زیرگردش تھیں، تاہم اب بورڈ نے ٹیم کی قیادت سوریا کمار یادیو کو سونپ دی ہے۔
آئی سی سی کے ایک بیان کے مطابق انڈیا کی جانب سے دورہ سری لنکا کے لیے سکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے جس کے مطابق ٹی20 ٹیم کے کیپٹن روہت شرما کے بجائے سوریا کمار یادیو ہوں گے جبکہ او ڈی آئی میچز کی قیادت روہت شرما ہی کریں گے۔
شبمن گل ٹی20 اور او ون ڈے دونوں فارمیٹس میں نائب کپتان کے طور پر ذمہ درایاں سرانجام دیں گے۔
واضح رہے کہ سوریا کمار یادیو آئی سی سی بیٹنگ رینکنگ کے مطابق دوسرے دو پر ہیں۔ 68 ٹی20 میچوں میں شرکت کرنے والے سوریا کمار یادیو اس سے قبل نومبر 2023 میں سینیئر کھلاڑیوں کی عدم دستیابی کے باعث آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیم کی قیادت کرچکے ہیں، تاہم اب مڈل آرڈر بیٹر کو مختصر ترین فارمیٹ میں یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
انڈیا کی ٹیم جولائی اور اگست میں سری لنکا کا دورہ کرے گا جہاں دونوں ٹیموں کے درمیاں تین ایک روزہ میچز اور تین ٹی20 میچز شیڈول ہیں۔
دورہ سری لنکا کے لیے انڈین سکواڈ میں ہاردک پانڈیا، ارشدیپ سنگھ، محمد سراج اور اکشر پٹیل بھی شامل ہیں، تاہم جسپریت بمراہ سکواڈ میں شامل نہیں ہیں جبکہ وراٹ کوہلی روہت شرما اب صرف ون ڈے اور ٹیسٹ میچز کے لیے ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
انڈیا کا سری لنکا کا آئندہ وائٹ بال ٹور گوتم گمبھیر کا ٹیم کے نئے کوچ کے طور پر ڈیبیو بھی ہوگا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل ٹی20 ورلڈ کپ میں ٹیم انڈیا کو فتح دلانے کے بعد راہل ڈراوڈ کے کوچ کا عہدہ چھوڑ جانے کے بعد گوتم گمبھیر نے بطور کوچ ٹیم انڈیا کو جوائن کیا تھا۔
ٹی20 ورلڈ کپ کی تاریخی فتح کے ساتھ سینیئر کھلاڑیوں کی ریٹائرمنٹ کے بعد گوتم گھمبیر کے لیے ٹیم کو لے کر چلنا ایک چیلنج ہو گا۔
واضح رہے کہ انڈیا کا 2021 کے بعد سری لنکا کا یہ پہلا دورہ ہے۔

شیئر: