کرینہ کپور، تبو اور کریتی سینن کی فلم ’کریو‘ باکس آفس پر 100 کروڑ کے کلب میں شامل
یہ فلم ایوی ایشن انڈسٹری کے پس منظر میں قائم تین کام کرنے والی خواتین کے سفر کے گرد گھومتی ہے (فوٹو: تبو انسٹاگرام)
کرینہ کپور، تبو اور کریتی سینن کی فلم ’کریو‘ بالآخر عالمی سطح پر باکس آفس پر 100 کروڑ انڈین روپے کے کلب میں شامل ہو گئی ہے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق اتوار کے روز، تبو اور کرینہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر تازہ ترین نمبرز شیئر کیے جس سے معلوم ہوا کہ فلم نے دنیا بھر کے باکس آفس پر 100 کروڑ روپے سے تجاوز کر لیا ہے۔
یہ فلم ایوی ایشن انڈسٹری کے پس منظر میں قائم تین کام کرنے والی خواتین کے سفر کے گرد گھومتی ہے۔
اتوار کو تبو نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کریو کا پوسٹر نئے نمبروں کے ساتھ شیئر کیا۔ اس پر الفاظ ہیں، ’100 کروڑ + 104.08 کروڑ دن 9 ۔‘
کرینہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بھی یہی اپ ڈیٹ شیئر کیا اور فلم کی کاسٹ اور عملے کو ٹیگ کیا۔
اس سے قبل فلم نے اپنے ابتدائی دن سب سے زیادہ اوپننگ کے ساتھ تاریخ رقم کی تھی۔ اس نے دنیا بھر میں باکس آفس پر اپنے افتتاحی دن 20 کروڑ روپے سے زیادہ رقم جمع کی تھی۔
کریو میں دلجیت دوسانجھ، کپل شرما، ساسوتا چٹرجی، راجیش شرما اور کلبھوشن کھربندا بھی ہیں۔ یہ فلم تین فضائی میزبانوں کے سفر کی پیروی کرتی ہے جن کی زندگیاں جھوٹ کے جال میں پھنس جاتی ہیں جب انہیں ایک مردہ مسافر کا پتہ چلتا ہے جو اپنی قمیض میں سونے کے بسکٹ سمگل کرتا ہے۔
اس فلم کو انیل کپور فلم اینڈ کمیونیکیشن نیٹ ورک کے تحت ریا کپور اور انیل کپور اور بالاجی موشن پکچرز کی ایکتا آر کپور اور شوبھا کپور نے پروڈیوس کیا ہے۔