Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وجے ورما کا کرینہ کپور کے ساتھ ’یک طرفہ‘ محبت کرنے کا انکشاف

فلم جانِ جان کے ذریعے کرینہ کپور نے پہلی مرتبہ وجے ورما اور جے دیپ اہلاوٹ کے ساتھ کام کیا (فائل فوٹو: بالی وُڈ ہنگامہ)
بالی وُڈ کے اداکار وجے ورما نے انکشاف کیا ہے کہ اُن کے دل میں کرینہ کپور کے لیے ’یک طرفہ‘ محبت ہے۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق ہدایت کار سوجوئے گھوش کی فلم ’جانِ جان‘ میں کرینہ کپور کے ساتھ کام کرنے کے بعد اب وجے ورما اُن کی بڑی بہن کرشمہ کپور کے ساتھ ہدایت کار ہومی اڈاجانیا کی آنے والی فلم ’مرڈر مبارک‘ میں اداکاری کرتے نظر آئیں گے۔
اپنے حالیہ انٹرویو میں وجے ورما نے اس بات کا انکشاف کیا کہ ’وہ کرینہ کپور سے یک طرفہ محبت کرتے ہیں۔‘
وجے ورما کہتے ہیں کہ ’فلم جانِ جان میں لوگوں نے کرینہ کے لیے میری محبت دیکھی۔ یہ اُن کی جان لیوا کشش ہے اور کرینہ کے لیے یک طرفہ محبت ہے۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’یہ وہ پیار ہے جس میں آپ دور سے کسی شخص کو چاہتے ہیں۔‘
’دوسری جانب کرشمہ کے ساتھ میں نے بہت زیادہ وقت گزارا ہے اور ہم بہت اچھے دوست بن گئے ہیں۔ ہمارے درمیان بہت اچھی دوستی اور پیار ہے اور میں اُن کا مداح رہا ہوں۔‘
فلم جانِ جان کے ذریعے کرینہ کپور نے اپنے کیریئر میں پہلی مرتبہ وجے ورما اور جے دیپ اہلاوٹ کے ساتھ کام کیا۔
اس بارے میں کرینہ کپور نے ویب سائٹ بالی وُڈ ہنگامہ کو اپنے انٹرویو میں بتایا تھا کہ اُن کے شوہر سیف علی خان نے انہیں وجے ورما اور جے دیپ اہلاوٹ کے ساتھ کام کرنے سے قبل خبردار کیا تھا۔
انہوں نے بتایا تھا کہ ’سیف کے مطابق تمہیں اداکاری کے لیے تھوڑی زیادہ تیاری کرنا ہوگی کیونکہ وہ بہت زیادہ تیار ہو کر آئیں گے۔‘
دوسری جانب فلم مرڈر مبارک میں وجے ورما کے ساتھ مرکزی کاسٹ میں کرشمہ کپور، سارہ علی خان، سنجے کپور، ڈمپل کپاڈیا اور پنکج ترپاٹھی شامل ہیں۔
ٹریلر کے مطابق اس فلم میں پنکج ترپاٹھی ایک پولیس اہلکار کا کردار نبھا رہے ہیں جنہیں کسی قاتل کی تلاش ہے اور اس قتل میں مشکوک افراد سارہ علی خان، ڈمپل کپاڈیا اور وجے ورما ہیں۔
فلم مرڈر مبارک آن لائن سٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر 15 مارچ کو ریلیز ہوگی۔ 

شیئر: