سعودی ورثہ کمیشن کے ذیلی ادارے سعودی حرف کمپنی نے دستکاری کے شعبے کو فروغ دینے کے لیے ایک بزنس سروسز فرم کے ساتھ شراکت داری کا معاہدہ کیا ہے۔
سعودی نیوز ایجنسی واس کے مطابق شراکت داری کے معاہدے کا مقصد مقامی ہنر مندوں کی تکنیکی مہارت کو بڑھا کر انہیں بااختیار بنانا اور قیمتی ورثے کی ڈسٹری بیوشن کے شعبے میں جدت پیدا کرنا ہے۔
مزید پڑھیں
اس معاہدے کے تحت سعودی دستکاروں کے ساتھ تعاون بڑھانے، تکنیکی صلاحیتوں کو فروغ دینے اور ہاتھ سے بنی ہوئی مصنوعات کا معیار بہتر کرنے کے لیے ضروری وسائل فراہم کرنے پر توجہ دی جائے گی۔
اس کے ساتھ ساتھ مارکیٹنگ اور ڈسٹری بیوشن کے عمل کو مضبوط بنانے پر بھی کام کیا جائے گا۔
ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے دستکاری کی مصنوعات کو خاص طور پر مؤثر طریقے سے پیش کیا جائے گا۔

حرف کمپنی کے توسیعی منصوبوں کو مزید بہتر بنانے کے لیے یہ اقدامات کئے گئے ہیں جو صارفین میں آگاہی بڑھانے میں مدد دیں گے اور دستکاری کی مقامی مصنوعات کے لیے نئی مارکیٹ میں مواقع پیدا کریں گے۔
کمپنی کے قائم مقام سی ای او ابراہیم الضلیجان کا کہنا ہے کہ اس شراکت داری سے خاص طور پر 2025 کے ’دستکاری سال‘ کے دوران سعودی دستکاری کی مصنوعات کے تجارتی مواقع بڑھیں گے۔
