سعودی ہیریٹیج کمیشن کی قاہرہ میں ’ہمارا ورثہ‘ نمائش میں شرکت
مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں منعقدہ ’ہمارا ورثہ‘ نمائش میں سعودی ہیریٹیج کمیشن بھرپور ثقافتی ورثہ کے ساتھ شرکت کر رہا ہے ، یہ نمائش 21 دسمبر تک جاری رہے گی۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق ثقافتی ورثے سے متعلق نمائش میں سعودی ہیریٹیج کمیشن نے شاندار پویلین قائم کیا ہے جہاں سعودی ثقافت کی عکاسی کرنے والے مختلف دستکاری کے شاندار نمونے اور دیگر مصنوعات رکھی گئی ہیں۔
سعودی عرب کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے فنکار قاہرہ میں جاری ثقافتی نمائش میں اپنی دستکاری کے عملی مظاہرے بھی پیش کر رہے ہیں۔
مصری وزیراعظم مصطفیٰ مدبولی نے ثقافتی نمائش کا افتتاح کیا جس کے بعد سعودی ہیریٹیج کمیشن کے پویلین کے ساتھ دیگر ممالک کے پویلینز کا دورہ کیا۔
اس موقع پر سعودی ہیریٹیج کمیشن کے عہدیداروں نے مملکت کے ہنرمندوں کی سرگرمیوں اور مصنوعات کے بارے میں بریفنگ دی۔
سعودی پویلین کے دورے کے موقع پر مصطفیٰ مدبولی نے کہا ’یہ نمائش منفرد روایتی اور ثقافتتی دستکاری سے متعلق مصنوعات کے فروغ کا بہترین اور اہم پلیٹ فارم ہے۔
مصری وزیراعظم نے مزید کہا نمائش میں شریک ممالک کے ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے میں یہ ایونٹ اہم کردار ادا کر رہا ہے۔