سعودی دستکاری کے بین الاقوامی ہفتے (بنان) کا آغاز ریاض فرنٹ میں کیا گیا ہے۔ یہ 12جون تک جاری رہے گا۔
العربیہ نیٹ کے مطابق سعودی وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان سعودی انٹرنیشنل ہینڈ کرافٹس ویک کی سرپرستی کر رہے ہیں۔
افتتاحی تقریب میں نائب وزیر حامد فائز اور قومی ورثے کے محکمے کے ایگزیکٹیو چیئرمین ڈاکٹر جاسر الحربش موجود تھے۔ سعودی، بین الاقوامی اور عرب دستکار اور ماہرین بھی افتتاحی تقریب میں شریک رہے۔
نائب وزیر ثقافت نے کہا کہ ’سعودی دستی مصنوعات کا بین الاقوامی ہفتہ اہم تقریبات میں سے ایک ہے۔ وزارت ثقافت اور قومی ورثے کا ادارہ اس کی سرپرستی کر رہا ہے اس سے دستکاروں کی تخلیقی صلاحیتیں اجاگر ہوں گی۔ علاوہ ازیں مملکت کے قومی ورثے کا تعارف ہو گا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’دستی مصنوعات کی اہمیت اقتصادی اور ثقافتی ہر دو لحاظ سے ہے۔‘
افتتاحی تقریب میں بین الاقوامی ہفتے کے حوالے سے خصوصی گیت پیش کیا گیا۔ قدیم دستکاریوں کے حوالے سے دستاویزی فلم دکھائی گئی۔ سینکڑوں برس سے نسل در نسل جاری دستی مصنوعات کی کہانی بیان کی گئی۔
سعودی دستی مصنوعات کا بین الاقوامی ہفتہ (بنان) ریاض فرنٹ میں 18 ہزار مربع میٹر کے رقبے میں منایا جا رہا ہے۔ دستکار اپنی 11 قسم کی مصنوعات یہاں پیش کر رہے ہیں۔
نستقبلكم في اليوم الثاني من #بنان، بحفاوة عنوانها الأصالة #هيئة_التراث pic.twitter.com/OO0WMNCOyN
— هيئة التراث (@MOCHeritage) June 7, 2023
یہاں دستی مصنوعات کی نمائش بھی ہو رہی ہے اور اس کے علاوہ عربی قصائد 2023 کے حوالے سے ایک پروگرام بھی ہو رہا ہے جبکہ قومی ورثے کے ادارے نے دستی مصنوعات آرٹ کا ایک قریہ بھی بسایا گیا ہے۔
دستی مصنوعات کے بین الاقوامی سعودی ہفتے (بنان) کے پروگرام روزانہ سہ پہر چار بجے سے رات 11 بجے تک جاری رہیں گے۔