Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی کاریگروں کی صلاحیتوں کے پیش نظر 2025  ’دستکاری کا سال‘ ہو گا

انمول ورثے کو محفوظ کرتے ہوئے دستکاری کو عالمی سطح پر فروغ دیا جائے۔ فوٹو واس
سعودی وزارت ثقافت نے معاشرے میں دستکاروں کی اہمیت  تسلیم کرتے ہوئے ثقافتی روایات ابھارنے  کے لیے آئندہ برس2025 کو ’دستکاری کا سال‘ کے طور پر منانے کا اعلان کیا ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی واس کے مطابق کابینہ سے منظور شدہ اس اقدام کا مقصد مقامی دستکاروں کی تخلیقی صلاحیتوں کو تقویت دے کر ثقافتی روایات کو عالمی سطح پر فروغ دینا ہے۔
سعودی وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان نے کابینہ کے اس فیصلے کی تعریف کرتے ہوئے قومی ثقافتی ورثے کے تحفظ اور فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔
شہزادہ بدر نے کہا’ وزارت ثقافت میں ہم قومی شناخت اور اس سے وابستہ تمام ٹھوس اقدامات کے ساتھ اہم ثقافتی ہنر کو نکھارنے کے لیے کام کرنے پر فخر محسوس کرتے ہیں۔
یہ حکومتی اقدام سعودی وژن 2030  کے تحت قومی ثقافتی حکمت عملی کے اہداف میں سے ایک ہے،جس میں قومی شناخت اور سعودی ثقافت کو اپنے بڑے مقاصد میں شامل کیا گیا ہے۔
وزارت ثقافت کے  پلیٹ فارم سے ’ہینڈی کرافٹس کا سال‘  کے عنوان سے ثقافتی اقدار کو مضبوط کر کے قومی شناخت کے اس لازمی جزو کو فروغ دیا جائے گا۔
سعودی دستکاری بُنائی، ہاتھ سے تیار کردہ فن پارے اور نسلوں سے تیار کی جانے والی دیگر دستکاری مصنوعات  سعودی معاشرے کی تخلیقی صلاحیتوں کی عکاسی کرتی ہیں۔

دستکاری مصنوعات معاشرے کی تخلیقی صلاحیتوں کی عکاسی کرتی ہیں۔ فوٹو واس

مقامی طور پر تیار کئے جانے والے مٹی کے برتن، روایتی لباس، سرامک کے ماڈلز، چمڑے کی مصنوعات، تانبے کی اشیاء، سلائی، رنگ سازی، لوہے کی اوزار، سونے کے زیورات اور مقامی کاریگروں کے ہاتھوں سے بنی دیگر تخلیقات بھی ان میں شامل ہیں۔
وزارت ثقافت کی جانب سے سعودی دستکاری کو مقامی اور بین الاقوامی سطح پر بلند کرنے کا مقصد کاریگروں کو بااختیار بنانا اور مضبوط معیشت میں ان کے تعاون کو وسعت دینا ہے۔

سعودی عرب میں 2024  ’اونٹ کا سال‘ کے طور پر منایا گیا۔ فوٹو واس

دستکاری کی ثقافتی، تاریخی اور اقتصادی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے شراکت داروں کے ساتھ منعقد ہونے والے مختلف پروگراموں کے ذریعے فنکاروں کی صلاحیتوں کو فروغ دیا جائے گا۔
وزارت ثقافت نے مقامی دستکاری اور ثقافت کے اہم عناصر کو ابھارنے کے لیے 2020 سے سالانہ ’ ثقافتی سال‘ کا آغاز کیا ہے۔
وزارت کی جانب سے2020 میں ’عربی خطاطی کا سال‘ منایا گیا اور عالمی وباء کورونا  کے باعث اسے 2021 تک بڑھا دیا گیا۔

دستکاری کی ثقافتی، تاریخی اور اقتصادی اہمیت کو اجاگر کیا جائے گا۔ فوٹو واس

مملکت نے 2022 کو ’سعودی کافی کا سال‘ کے طور پر منایا، 2023 کو ’عربی شاعری کا سال‘ کے طور پر اور 2024 کو ’اونٹ کا سال‘ کے طور پر منایا۔
2025 میں ’دستکاری کا سال‘ کے طور پر سعودی شناخت کے بنیادی حصے کے طور پر انمول ورثے کو محفوظ کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ مقامی ثقافت و دستکاری کو عالمی سطح پر فروغ دیا جائے۔
 

شیئر: