امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور اُن کے روسی ہم منصب سرگئی لاوروف نے سنیچر کو یوکرین میں جنگ ختم کرنے کے لیے مذاکرات کے اگلے مرحلے پر بات چیت کی۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس کا کہنا ہے کہ اعلیٰ سفارت کاروں نے ’امریکہ اور روس کے درمیان رابطے کی بحالی کے لیے کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔‘
مزید پڑھیں
بیان میں اس حوالے سے کوئی تفصیل نہیں بتائی گئی کہ امریکہ اور روس کے مابین مذاکرات کا اگلا دور کب شروع ہوگا جس کی میزبانی سعودی عرب کر رہا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ نے اپنے روسی ہم منصب کو مشرق وسطیٰ میں فوجی سرگرمیوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا جہاں امریکی فوج نے سنیچر کو یمن میں حوثی باغیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا تھا۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے یوکرینی ہم منصب ولادیمیر زیلنسکی کے درمیان حالیہ کشیدگی کے باوجود، یوکرین نے امریکی ثالثی میں 30 دن کی غیر مشروط جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے۔
تاہم روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے کسی بھی جنگ بندی پر رضامندی ظاہر نہیں کی بلکہ ایسی شرائط رکھی ہیں جو یوکرین کے ساتھ امریکی معاہدے سے ہٹ کر ہیں۔