Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ : فٹنس کے شوقین رمضان میں بھی ورزش نہیں چھوڑتے

افطار سے دو گھنٹے قبل اور دو گھنٹے بعد جم میں گروپ کلاسز شیڈول ہیں۔ فوٹو عرب نیوز
جدہ میں فٹنس کے شوقین افراد افطار کے موقع پر کیلوریز سے بھرپور تلی ہوئی غذائیں اور میٹھے کی لذتوں کو اپنی صحت کے راستے میں رکاوٹ بننے نہیں دے رہے۔
عرب نیوز کے مطابق جدہ کے رہائشی اپنی صحت اور روایتی طرز زندگی کے درمیان توازن قائم کرنے کے لیے مختلف طریقے اپنا رہے ہیں۔
کئی مقامی باشندے روزہ رکھنے کے باوجود اپنی فٹنس برقرار رکھنے کے لیے روزمرہ کی ورزش کرنے کی عادت اپنائے ہوئے ہیں۔
مقامی باشندے جم جانے، سائیکلنگ، جاگنگ، کشتی رانی، رننگ، باکسنگ اور دیگر جسمانی ورزش میں مصروف ہیں تاکہ رمضان کے دوران اپنی صحت قائم رکھ سکیں۔
رمضان کے مہینے میں افطار سے قبل ورزش کرنا مرد و خواتین کے لیے مقبول رجحان بن چکا ہے اور بہت سے لوگ کھلے اور صحت افزاء مقامات  پر ورزش کرکے اس کے صحت بخش فوائد حاصل کر رہے ہیں۔
42 سالہ طارق عبدالمجید افطار سے پہلے روزانہ تحلیہ واک وے پر چہل قدمی کرتے ہیں، انہوں نے بتایا رمضان میں ورزش کرنے کا مؤثر طریقہ یہ ہے کہ افطار سے پہلے چہل قدمی کی جائے۔

افطار سے پہلے ورزش کرنے سے چربی جلنے میں مدد مل سکتی ہے۔ فوٹو سعودی گزٹ

جسمانی فٹنس حاصل کرنے کے لیے افطار سے قبل کا وقت بہترین ہے۔ جسم کے پٹھوں کی طاقت کو بحال کرنے اور مجموعی طور پر صحت کو فروغ دینے میں مفید ثابت ہوتا ہے۔
جسمانی فٹنس کے ماہر مقامی شہری ناصر السعدی نے بتایا  ’رمضان میں حد سے زیادہ ورزش کرنا یا کوئی نیا ریکارڈ قائم کرنے کی کوشش کرنا مناسب نہیں۔
رمضان کے دوران  اپنی صحت برقرار رکھنے کی حد تک ورزش کرنی چاہیے، عام لوگ زیادہ سخت ورزش سے پرہیز کریں جس سے ان کی صحت متاثر ہو سکتی ہے۔

بہت سے لوگ رمضان میں اپنی صحت برقرار رکھنے کا ارادہ کرتے ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

ناصر السعدی نے مزید وضاحت کی کہ افطار سے پہلے ورزش کرنے سے چربی جلنے میں مدد مل سکتی ہے، کیونکہ جسم ذخیرہ شدہ توانائی پر انحصار کرتا ہے، لیکن اس سے پانی کی کمی کا خطرہ بھی بڑھ سکتا ہے۔
ناصر السعدی نے افطار سے 30 سے 60 منٹ قبل ہلکی ورزش کی تجویز دی ہے جس میں چہل قدمی، سٹریچنگ یا کم مشقت والی ورزش ہیں۔
انہوں نے کہا افطار کے بعد ورزش کرنا زیادہ موزوں وقت ہوتا ہے، کیونکہ اس وقت جسم غذائی اجزاء اور پانی سے بھرپور ہوتا ہے۔
جدہ میں موجود متعد ورزش سنٹرز اور جم میں رمضان کے دوران ممبران کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے جہاں افطار سے پہلے اور بعد کے اوقات میں زیادہ لوگ ورزش کر رہے ہیں۔

روزے کے باوجود فٹنس برقرار رکھنے کے لیےورزش کی عادت بہترین ہے۔ فوٹو گیٹی امیجز

الٹی میٹ پاور جم کے کوچ محمود عبدالرزاق نے بتایا ہے ’بہت سے لوگ رمضان میں اپنی صحت برقرار رکھنے کا ارادہ کرتے ہیں حالانکہ انہیں پورا سال یہ عزم  برقرار رکھنا چاہیے۔‘
روزہ داروں میں نظم و ضبط دیکھ کر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ورزش کوچ نےکہا ’مجھے لگتا ہے ہماری جم کے ممبران پُرعزم ہیں اور زیادہ تر افراد جسمانی، ذہنی اور روحانی طور پر خود کو چیلنج دے رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ  زیادہ لوگوں جم میں داخلہ لے رہے ہیں۔‘
افطار سے دو گھنٹے قبل اور دو گھنٹے بعد جم میں گروپ کلاسز شیڈول کی گئی ہیں، یہ وقت جسم کی چربی کم کرنے اور پٹھے مضبوط کرنے کے لیے مؤثر سمجھا جاتا ہے۔
 

 

شیئر: