سعودی ادبی شخصیت کے اعزاز میں ’سٹریٹ آف کلچر‘ کا قیام
سعودی ادبی شخصیت کے اعزاز میں ’سٹریٹ آف کلچر‘ کا قیام
پیر 17 اکتوبر 2022 16:29
یہاں ثقافتی پروگراموں کے علاوہ وقتاً فوقتاً ادبی سرگرمیاں ترتیب دی جائیں گی۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی وزارت ثقافت نے وزارت بلدیات، دیہی امور و ہاؤسنگ کے تعاون سے اس ماہ کے شروع میں جدہ کے الروضہ محلے میں عبدالمقصود کھوجہ سٹریٹ کے لیے ایک نئے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ’سٹریٹ آف کلچر‘ کے نام سے اس راستے کو سعودی سکالر، دانشور اور مصنف کے نام سے منسوب کر کے ایک ثقافتی اور ادبی مرکز میں تبدیل کر دیا جائے گا۔
یہ منصوبہ آئندہ سال کی تیسری سہ ماہی میں مکمل کر لیا جائے گا جس کا مقصد عبدالمقصود کھوجہ کی جانب سے مملکت اور عرب دنیا کے لیے ادبی کارناموں اور ثقافتی اقدامات کی یاد تازہ کرنا ہے۔
وزارت ثقافت کے ایک اہلکار نے بتایا ہے کہ اس ثقافتی اقدام کا مقصد معروف سعودی مصنف عبدالمقصود کھوجہ کی فکر اور علم کے حامل رہنماؤں کی میزبانی، تخلیق کاروں اورعلمبرداروں کی عزت افزائی اور ان کی قیادت کے متاثر کن تجربے کو برقرار رکھنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
عبدالمقصود کھوجہ سٹریٹ اپنے محل و قوع کے اعتبار سے جنوب میں شارع الکیال اور شمال میں شارع صاری کو ایک دوسرے سے جوڑتی ہے۔
اس ثقافتی منصوبے کو ’الاثنینیہ‘ کا نام دیا گیا ہے، سٹریٹ آف کلچر کے وسط کو عارضی طور پر ایک کھلی بیٹھک کی شکل دی جائے گی جہاں ویک اینڈ پر ٹریفک کی نقل و حرکت نہیں ہو گی۔
یہ منصوبہ دو مرحلوں میں مکمل کیا جائے گا ابتدائی طور پر سڑک کو جدید ڈیزائن کے ساتھ قابل دید بنایا جائے گا جس میں پیدل چلنے والے راستے کو مزید کشادہ کر کے اس کی دلکشی میں اضافہ کیا جائے گا۔
منصوبے کے دوسرے مرحلے میں یہاں ثقافتی پروگرام پیش کرنے کا طریقہ نافذ ہو گا جس میں لائیو پرفارمنس منعقد کی جائے گی اور ا س کے علاوہ وقتاً فوقتاً یہاں ادبی سرگرمیاں اور مختلف پروگرام ترتیب دیئے جائیں گے۔
معروف سکالر قدیم سعودی مصنفین کی ادبی تخلیقات کو جمع کرنے اور دستاویز کی شکل میں تیار کرنے میں دلچسپی رکھتے تھے۔
سعودی فکری تحریک کی سرپرستی میں عبدالمقصود کھوجہ کی کوششیں انتہائی بااثر سعودی ثقافتی شخصیات میں شمار ہوتی ہیں، گذشتہ سال اگست میں97 سال کی عمر میں ان کا انتقال ہو گیا تھا۔