Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

درعیہ میں ’لیالی نائٹس‘ تقریبات 10 مارچ تک جاری رہیں گی

یہاں سیاح کھجور کے درختوں کے جُھرمٹ میں روشن شام کا لطف اٹھا سکتے ہیں (فوٹو: عرب نیوز)
ریاض کے علاقے درعیہ میں لیالی درعیہ ’درعیہ نائٹس‘ کے نام سے تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے جو 10 مارچ تک جاری رہیں گی۔
عرب نیوز کے مطابق درعیہ میں ورثے سے منسلک مقامات اور علاقے میں موجود فارموں کو روشن نخلستان میں بدل دیا گیا ہے۔
زائرین تفریحی مرکز میں تبدیل کیے گئے نزدیکی فارموں میں گھوم پھر سکتے ہیں اور کھجور کے درختوں کے درمیان روشنیوں سے گھری شام کا لطف اٹھا سکتے ہیں۔
درعیہ نائٹس میں زائرین کے لیے مختلف قسم کی دکانوں اور ریستوران کے علاوہ شاعری، موسیقی اور تھیٹر کی لائیو پرفارمنس بھی رکھی گئی ہے۔
لیالی درعیہ میں منعقدہ تقریبات کا مقصد ثقافتی اور تاریخی ورثے کو فروغ دینا ہے اور ساتھ ہی مملکت کے مستقبل کی جھلک بھی دکھانا ہے۔
تقریب میں موجود ایک سیاح الجازی السبیعی نے کہا ہے کہ اس سے قبل یہاں منعقد ہونے والی ایسی تقریبات کی نسبت حالیہ لیالی درعیہ میں بہتری آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے اس جگہ کی جدیدیت پسند آئی، یہاں آنے والوں کے لیے مزید تفریحی پروگرام شامل کیے گئے ہیں۔
السبیعی نے بتایا کہ مملکت کی ابتدائی ریاست کے قیام کے حوالے سے پروگرام انتہائی پسندیدہ رہے اور میں نے متحدہ عرب امارات اور قطر کے اپنے دوستوں کو کہا ہے کہ اس سال درعیہ سیزن میں ضرور آئیں اور لیالی درعیہ پروگراموں سے لطف اندوز ہوں۔

لیلی درعیہ میں شام 5 بجے سے رات 2 بجے تک پروگرام ہوتے ہیں (فوٹو: عرب نیوز)

لیالی درعیہ میں موجود ’عزیمہ ریستورنٹ‘ روایتی سعودی پکوان پیش کررہا ہے جن میں معروف ڈشز سلیگ، جریش اور کبیبہ شامل ہیں۔
یہاں ہال الکیف نامی کافی شاپ ہے جو سعودی کافی اور مقامی مٹھائیاں جیسے حنینی اپنے معزز کسٹمرز کو پیش کرتی ہے۔
لیالی درعیہ کے سعودی ثقافتی جشن کے بارے میں بات کرتے ہوئے درعیہ گیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سی ای او جیری انزیریلو نے کہا ہے کہ یہ پروگرام ثقافت، ورثے، روایتی کھانوں اور علاقائی موسیقی کے بارے میں ہے۔

درعیہ نائٹس میں شاعری، موسیقی اور تھیٹر کی لائیو پرفارمنس رکھی گئی ہے (فوٹو: عرب نیوز)

جیری انزیریلونے کہا کہ یہاں کے قدرتی مناظر اور ریاض کا موسم زائرین کے لیے خوب صورت اور ماحول دوست ہے اور لوگ یہاں آنا پسند کر رہے ہیں۔
لیلی درعیہ میں پہلی بار آنے والی امانی العتیبی نے بتایا کہ یہاں آنے کا  تجربہ ان کی توقعات سے زیادہ بہتر ثابت ہوا۔
درعیہ سیزن میں دنیا بھر کے علاقائی سیاحوں اور زائرین کو خوش آمدید کہا جاتا ہے اور ساتھ ہی ساتھ مملکت اور مقامی افراد کی مہمان نوازی اور بھرپور ثقافت کا تجربہ کرنے اور ثقافتی پروگراموں میں حصہ لینے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
لیلی درعیہ کا آغاز روزانہ شام 5 بجے سے ہوتا ہے جو رات 2 بجے تک کھلا رہتا ہے۔ اختتام ہفتہ یہ رات 3 بجے تک کھلا رہتا ہے۔
 

شیئر: