درعیہ آرٹ فیوچرز کے پہلے مزرعہ میڈیا آرٹس پروگرام کا آغاز
درعیہ آرٹ فیوچرز کے پہلے مزرعہ میڈیا آرٹس پروگرام کا آغاز
منگل 25 مارچ 2025 16:52
پروگرام کے تحت شرکاء کو جدید لیبارٹریز اور سٹوڈیوز تک رسائی حاصل ہوگی۔ فوٹو درعیہ ایکس
سعودی عرب کا درعیہ آرٹ فیوچرز اپریل سے جولائی 2025 تک اپنے پہلے مزرعہ میڈیا آرٹس ریذیڈنسی پروگرام کا آغاز کر رہا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق درعیہ آرٹ فیوچرز نے نئے میڈیا آرٹس کے مرکز کے طور پر پہلے گروپ کے فنکاروں اور سکالرز کے ناموں کا اعلان کیا ہے جو پروگرام میں شرکت کریں گے۔
ابتدائی نشست میں سات تخلیق کاروں میں برطانوی فنکار ڈاکٹر سٹینزا، انڈین آرٹسٹ ہرشت اگروال، مملکت کے فنکاروں میں عروہ یحییٰ النعیمی، ریم الناصر اور ریم الفقیہ، جاپانی کیوریٹر اور سکالر میزو ہو یامازاکی اور جرمن سکالر انیٹ ہولزشائیڈ شامل ہیں۔
یہ تقریب درعیہ کے تاریخی فارمز اور ریاض کے ترقی پذیر ماحول میں منعقد ہوگی، جہاں شرکاء قدرتی اور مصنوعی مناظر پر ٹیکنالوجی کے اثرات کا جائزہ لیں گے۔
فنکاروں کا کام اشاعتی دستاویز میں شامل ہو گا، ناظرین کو ان کے تحقیقی کام اور تخلیقی تجربات سے روشناس کرانے کے لیے پروگرام کے اختتام پر عوامی سرگرمیوں کی سیریز منعقد ہو گی۔
پروگرام کے تحت شرکاء کو جدید لیبارٹریز اور سٹوڈیوز تک رسائی حاصل ہوگی، ساتھ ہی ایک مخصوص پروڈکشن ٹیم بھی فراہم کی جائے گی۔ یہ اقدام سعودی میوزیم کمیشن نے درعیہ کمپنی کے تعاون سے تیار کیا ہے۔
درعیہ آرٹ فیوچرز نے حصہ لینے والے سکالرز کے نام کا اعلان کیا ہے۔ فوٹو عرب نیوز
گذشتہ سال لانچ کئے جانے والے درعیہ آرٹ فیوچرز کا مقصد نئے میڈیا اور ڈیجیٹل آرٹ کے منظرنامے میں علاقائی آوازوں کو عالمی سطح پر آرٹ ٹیکنالوجی میں شامل کرنا ہے۔
یہ پروگرام پیرس کے گرینڈ پیلس میوزیم کے سابق ڈائریکٹر جیروم نوٹریس کی نگرانی میں ہوگا جس میں1960 کی دہائی سے لے کر آج تک کمپیوٹر آرٹ کی تاریخ دریافت کرنے والے 30 سے زائد بین الاقوامی اور علاقائی فنکاروں کے کام پیش کئے جائیں گے۔