سعودی ورثے درعیہ کی چین میں نمائش، پویلین میں سیاحوں کی دلچسپی
سعودی ورثے درعیہ کی چین میں نمائش، پویلین میں سیاحوں کی دلچسپی
ہفتہ 19 اکتوبر 2024 19:52
نمائش چین میں سعودی ثقافتی و سیاحتی اقدامات کے فروغ کی مہم ہے۔ فوٹو سعودی وزٹ
بیجنگ کے تیانتان پارک میں وزٹ سعودی کے تحت درعیہ کمپنی سعودی ٹریول ایکسپو میں سعودی ورثے اور ثقافت کو عالمی سیاحوں کے سامنے پیش کر رہی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق یہ نمائش چین میں سعودی ثقافتی اور سیاحتی اقدامات کے فروغ کی مہم کا حصہ ہے جس کا افتتاح جمعرات کو سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب نے کیا۔
یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے سے متعلق درعیہ نمائش کے وزٹ سعودی پویلین میں سعودی ٹریول ایکسپو مختلف ٹریول پیکج کے ساتھ اپنے موقف کا اظہار کر رہا ہے۔
سعودی وزیر نے اپنے سوشل میڈیا ایکس اکاؤنٹ پر تحریر کیا ہے’ تیانتان میں سعودی ٹریول فیسٹیول میں شرکت کر کے مہمان نوازی کی سعودی اقدار ظاہر کرنے اور چینی سیاحوں کو مملکت کے اہم سیاحتی مقامات متعارف کرانے کا موقع ملا ہے۔
احمد الخطیب نے مزید لکھا ہے’ سعودی اور چینی مماثلتیں ہمارے تعلقات کا مرکز ہیں دونوں ممالک کی ثقافتیں اور مشترکہ اقدار خاندان، روایت اور مہمان نوازی سے جڑی ہوئی ہیں۔
ہم اپنے مضبوط عرب ورثے کو دنیا کے سامنے لانے کرنے کے لیے چین اور دنیا کے دیگر دوستوں کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
سعودی ٹریول ایکسپو 26 اکتوبر تک جاری رہے گی، اس نمائش کا مقصد سعودی عرب کے سیاحتی اور تاریخی مقامات کے ساتھ ساتھ بھرپور ثقافت کے بارے میں شعور اور آگہی بڑھانا ہے۔
نمائش میں درعیہ پویلین زائرین کو روایتی سعودی قہوہ اور کھجوریں پیش کر کے سعودی عرب کی حقیقی مہمان نوازی ظاہر اور تجربات فراہم کرتا ہے۔
پویلین میں آنے والوں کو سعودی عرب کا روایتی لباس پہننے کی دعوت کے ساتھ درعیہ کے خوبصورت تاریخی پس منظر کی تصویر کشی کی جا رہی ہے۔
سعودی پویلین میں آنے والے مٹی کے ساتھ مختلف ماڈلز تیار کر سکتے ہیں ، عربی خطاطی کے فن سے روشناس ہو سکتے ہیں اور سعودی ورثے سے جڑے موسیقی کے خاص آلے ’عود‘ کی دھنوں سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔
سعودی پویلین میں زائرین کے لیے متعدد پیشکش بھی فراہم کی گئی ہیں جن میں مختلف ٹریول پیکج ہیں جو سیاحوں کو درعیہ سمیت مملکت کے مختلف اہم، تاریخی اور پُرکشش مقامات دیکھنے کے ساتھ ساتھ سیاحت کے تجربات حاصل ہوں گے۔
اس موقع پر سعودی وزیر احمد الخطیب نے چینی کمپنی مایون انٹرٹینمنٹ کے سی ای او پیٹر زینگ ، ٹرپ ڈاٹ کام کے سی ای او جین سن، ڈیڈا ٹریول کے سی ای او ریکن وو اور جن جیانگ گروپ کے چیئرمین ژاؤ کی سے ملاقاتیں کیں اور سیاحت کے شعبے میں تعاون اور ترقی کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں