Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

درعیہ کی تاریخ و ثقافت کی نمائش کا لندن میں اہتمام

درعیہ سعودی فخر ہے اور دنیا بھر میں سعودیوں کے بیانیے کو ظاہر کرتا ہے۔ فوٹو عرب نیوز
لندن میں منعقد کی جانے والی اوپن نمائش میں زائرین کو ثقافتی لحاظ سے سعودی عرب کے اہم ترین مقام درعیہ دیکھنے کی دعوت دی گئی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق درعیہ کمپنی کے چیف مارکیٹنگ آفیسر کیران جے ھسلام نے بتایا ہے کہ درعیہ سعودی فخر ہے اور دنیا بھر میں سعودیوں کے بیانیے کو ظاہر کرتا ہے۔
لندن کے تفریحی آرٹس اینڈ کلچر ڈسٹرکٹ آؤٹرنیٹ ڈیجیٹل نمائش میں 4 اور 5 نومبر کو درعیہ کی دوہری شناخت ظاہر کی گئی جس میں نہ صرف سعودی عرب کی تاریخ بلکہ مملکت کے جدید دور کے بڑے ترقیاتی منصوبوں پر روشنی ڈالی گئی۔
اس موقع پر چیف مارکیٹنگ آفیسر نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے الفاظ  بھی دہرائے جب انہوں نے فاکس نیوز سے انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ مملکت 21ویں صدی کی سب سے بڑی کامیابی حاصل کر رہا ہے۔
نمائش کے مقام کی دیواریں صحرائی شہر درعیہ کی مٹی سے بنی اینٹوں کی عمارتوں کی یاد دلا رہی تھیں جہاں پر مجلس کی طرز پر سجاوٹ کے ساتھ بیٹھنے کا انتظام تھا۔
تقریب میں سعودی مہمان نوازی کی روایتی عکاسی کی جا رہی تھی جس میں زائرین کو روایتی قہوہ  یا عربی کافی اور کھجوریں پیش کی جا رہی تھیں اور درعیہ کمپنی کے سعودی ملازم زائرین کو دلچسپ حقائق سے آگاہ کر رہے تھے۔

زائرین کو روایتی قہوہ اور کھجوریں پیش کی جا رہی تھیں۔ فوٹو عرب نیوز

نمائش میں زائرین کو درعیہ کی تاریخ کے بارے میں جاننے کا موقع ملا جس میں قدیم بنو حنیفہ قبیلے کے افراد پہلی بار اس علاقے میں آباد ہوئے۔
نمائش میں موجود 39 سالہ مہمان خاتون کلاڈیا نے بتایا کہ میں نے اپنے بچوں سمیت اس علاقے میں تقریباً دو گھنٹے گزارے اور ہمیں درعیہ کے بارے میں بہت کچھ دیکھنے اور جاننے کا موقع ملا۔

نمائش میں درعیہ کے بارے میں بہت کچھ جاننے کا موقع ملا۔ فوٹو عرب نیوز

سوئٹزرلینڈ  کی 21 سالہ خاتون سیاح فیبیو نے کہا کہ نمائش میں انہیں سعودی عرب کے بارے میں ایسی چیزوں کا تجربہ حاصل ہوا جس کے بارے میں انہوں نے صرف میڈیا میں سنا تھا۔
نمائش میں درعیہ ترقیاتی منصوبے کی پیش رفت پر روشنی ڈالی گئی جس میں اس علاقے کے روایتی نجدی طرز تعمیر کے تحفظ کو برقرار رکھا جا رہا ہے۔
 

شیئر: