Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سندھ کے شہر حیدر آباد میں پہلی مرتبہ حاجی کیمپ قائم کر دیا گیا

حاجی کیمپ کراچی میں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے تقریباً 13 ہزار 834 عازمینِ حج کو مرحلہ وار تربیت دی جائے گی (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کی وزارتِ مذہبی امور اور ڈائریکٹوریٹ آف حج کراچی کی جانب سے حج 2025 کے لیے تیاریاں جاری ہیں۔
اس سلسلے میں نہ صرف حاجی کیمپ کراچی میں تربیتی سرگرمیاں جاری ہیں بلکہ پہلی بار حیدرآباد میں بھی عارضی حاجی کیمپ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ مقامی عازمین کو سہولت فراہم کی جا سکے۔
امیگریشن کی سہولت پاکستان میں
وزارتِ مذہبی امور کے مطابق 2025 کے حج آپریشن کے تحت عازمینِ حج کی امیگریشن پاکستان کے ہوائی اڈوں پر ہی مکمل کر دی جائے گی۔
اس سہولت کے تحت جب عازمین سعودی عرب پہنچیں گے تو انہیں کسی امیگریشن کارروائی سے گزرنے کی ضرورت نہیں ہو گی اور وہ ہوائی اڈے سے سیدھے اپنی رہائشی عمارات میں روانہ ہو سکیں گے۔
تربیتی پروگراموں کا انعقاد
ڈائریکٹوریٹ آف حج کراچی نے اردو نیوز کو بتایا کہ حج 2025 کے تحت دوسرے مرحلے کا حج آگاہی اور تربیتی پروگرام 8 اپریل سے 13 اپریل 2025 تک سندھ کے چھ (6) اضلاع اور حاجی کیمپ کراچی کے دائرہ اختیار میں منعقد کیا جا رہا ہے۔ اس پروگرام میں تین ہزار 446 عازمینِ حج کو تربیت فراہم کی جائے گی۔
اس کے بعد 13 اپریل سے 21 اپریل 2025 تک حاجی کیمپ کراچی میں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے تقریباً 13 ہزار 834 عازمینِ حج کو مرحلہ وار تربیت دی جائے گی۔
ان سیشنز میں عازمین کو حج کے مناسک، سفری ہدایات، احتیاطی تدابیر اور دیگر اہم امور سے آگاہ کیا جائے گا۔
شیعہ عازمین کے لیے خصوصی تربیت
فقہ جعفریہ (شیعہ مسلک) سے تعلق رکھنے والے تقریباً 500 عازمینِ حج کے لیے 22 اپریل 2025 کو بوائے سکاؤٹس ہیڈکوارٹر، کراچی میں ایک علیحدہ تربیتی سیشن منعقد کیا جائے گا تاکہ وہ اپنے فقہی احکامات کے مطابق مناسکِ حج کی بہتر تربیت حاصل کر سکیں۔
حیدرآباد میں عارضی حاجی کیمپ کا قیام
حج 2025 کے دوران پہلی مرتبہ حیدرآباد اور گرد و نواح کے عازمینِ حج کے لیے ایک عارضی حاجی کیمپ قائم کیا جا رہا ہے۔
اس اقدام کا مقصد سفری اور تربیتی امور میں آسانی پیدا کرنا ہے تاکہ مقامی عازمین کو کراچی آنے کی زحمت نہ ہو اور ان کی تیاری مقامی سطح پر ممکن ہو سکے۔
مجموعی تربیت یافتہ عازمین کی تعداد
تمام تربیتی پروگراموں کے ذریعے مجموعی طور پر 14 ہزار 834 عازمینِ حج کو رہنمائی اور تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ مناسکِ حج بخوبی انجام دے سکیں اور اپنے روحانی سفر کو نظم و ضبط، فہم اور سکون کے ساتھ مکمل کر سکیں۔
ڈائریکٹوریٹ آف حج کراچی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ تربیتی سیشنز میں مقررہ وقت پر شرکت کو یقینی بنائیں تاکہ ہر عازم کو مکمل آگاہی حاصل ہو اور دورانِ سفر کسی قسم کی پریشانی نہ ہو۔

 

شیئر: