حج 2025: پاکستان سے حج آپریشن کا آغاز 29 اپریل سے ہوگا
منگل 8 اپریل 2025 9:01
زین علی -اردو نیوز، کراچی
ابتدائی تمام پروازیں مدینہ کے ہوائی اڈے پر اتریں گی۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سے حج آپریشن کا باضابطہ آغاز 29 اپریل سے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے ہوگا، جہاں سے سیرین ایئر کی پہلی حج پرواز روانہ ہوگی۔
29 اپریل کو سیرین ایئر کی ای آر 1611 رات 10 بج کر 15 منٹ پر 285 عازمین حج کو لے کر مدینہ منورہ روانہ ہوگی۔ اس کے ساتھ ہی ملک بھر میں حج کی سرگرمیوں کا آغاز ہو جائے گا۔
اس کے بعد ایئر بلیو کی پرواز نمبر پی اے1766، 30 اپریل کو صبح 3 بج کر 40 منٹ پر 148 عازمین کو لے کر روانہ ہوگی۔
سعودی فضائی کمپنی کی پرواز نمبر 3701، یکم مئی کو صبح 9 بج کر 15 منٹ پر روانہ ہوگی، جس میں 365 عازمین شامل ہوں گے۔ پاکستان کی قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کی پہلی حج پرواز پی کے 743، دو مئی کو صبح پانچ بج کر 55 منٹ پر 393 عازمین کو لے کر مدینہ روانہ ہوگی۔
ابتدائی تمام پروازیں مدینہ کے ہوائی اڈے پر اتریں گی، جبکہ 14 مئی کے بعد زیادہ تر پروازیں جدہ کے ہوائی اڈے پر اتریں گی۔ تاہم بعض پروازیں بدستور مدینہ کے لیے بھی جاری رہیں گی۔
روٹ ٹو مکہ منصوبہ عازمین حج کے لیے ایک اہم سہولت
اس سال بھی حج انتظامات کی خاص بات، روٹ ٹو مکہ، منصوبے کی توسیع ہے، جو اب کراچی سمیت دیگر پاکستانی شہروں میں نافذ کیا گیا ہے۔
اس منصوبے کے تحت سعودی عرب کی امیگریشن (داخلہ عمل) کی کارروائی کراچی ہوائی اڈے پر ہی مکمل کر لی جائے گی، جس کے بعد مدینہ یا جدہ پہنچنے پر دوبارہ کسی کارروائی کی ضرورت نہیں رہے گی۔
یہ سہولت خاص طور پر بزرگ اور کمزور عازمین کے لیے ایک بڑی آسانی ہے۔ سعودی عملہ کراچی ہوائی اڈے پر ہی ان کے سفری کاغذات، تصویریں اور نشانوں کی جانچ مکمل کرے گا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر حج کراچی گلزار سومرو نے اردو نیوز کو بتایا کہ حج ڈائریکٹوریٹ، سول ایوی ایشن، ایئر لائنز، وفاقی تحقیقاتی ادارہ ( ایف آئی اے) اور دیگر متعلقہ محکمے مل کر کام کر رہے ہیں تاکہ عازمین کی روانگی کو باعزت، منظم اور پُرسکون بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ، روٹ ٹو مکہ، منصوبے سے عازمین کو لمبی قطاروں اور انتظار کی زحمت سے نجات ملی ہے۔ ہوائی اڈے پر آرام گاہیں، پانی، ہلکی تواضع، اور شٹل گاڑیاں مہیا کی جا رہی ہیں، جبکہ عملے کو خصوصی تربیت دی گئی ہے تاکہ وہ عازمین کے ساتھ نرمی اور خلوص سے پیش آئیں۔
عازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پرواز کے وقت سے کچھ گھنٹے قبل ہوائی اڈے پہنچیں تاکہ تمام کارروائی بروقت مکمل کی جا سکے۔ ان کے لیے لازمی قرار دیا گیا ہے کہ وہ اصل پاسپورٹ، حفاظتی ٹیکوں کا سرٹیفیکیٹ، اور وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری کردہ حج شناختی کارڈ ہمراہ لائیں۔